مارچ میں حکومت آنے کے بعد سے اب تک صحت کارڈ کیلئے 10.5 ارب جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ فری ادوایات کے لئے فنڈز علیحدہ سے جاری کر دئیے گئے ہیں۔مزمل اسلم
ُپشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ خیبر پختونخوا نے مزید 3 ارب صحت کارڈ کے لئے جاری کر دئیے ہیں۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مارچ میں حکومت آنے کے بعد سے اب تک صحت کارڈ کیلئے 10.5 ارب جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ فری ادوایات کے لئے فنڈز علیحدہ سے جاری کر دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ میں صحت کارڈ کے ذریعے 363,000 لوگوں کا علاج ممکن ہوا جس میں 104,000 لوگوں نے صحت کارڈ پلس کی سہولت نجی ہسپتال سے حاصل کی ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے ماہانہ صحت کارڈ اخراجات کو ریفارم کرکے دو ارب تک پہنچا دیا ہے اور معیار کو بہتر بنایا ہے اسی وجہ سے اب عوام سرکاری ہسپتالوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک صرف صحت کارڈ سے 260,000 لوگوں نے سرکاری ہسپتال سے علاج کرایا ہے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مالی بحران زدہ صوبہ قرار دینے والوں کیلئے یہ جواب ہی کافی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور اور چیئرمین عمران خان کا ویژن ہی عوامی خدمت ہے،آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں ہیں اور انشاء اللہ اپنے خزانے سے ہی انہیں پورا کریں گے۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ بس ٹک ٹاک حکومت کے لئے ایک مشورہ ہے کہ آپ نے گھبرانا بالکل نہیں۔
