Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قومی اسمبلی کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل کردی گئی

Posted on
شیئر کریں:

قومی اسمبلی کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل کردی گئی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ )ملک میں قومی اسمبلی کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل کردی گئی۔کابینہ ڈویڑن نے وفاقی کابینہ کی تحلیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی 83 رکنی کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے 33 وفاقی وزرا، 7 وزیرِ مملکت، 5 مشیر اور 38 معاونین خصوصی کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صدرِ مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کردی تھی جس کے ساتھ ہی وفاقی کابینہ اور حکومت تحلیل ہوگئی تھی۔وزیراعظم نے 12 اگست کو مدت پوری ہونے سے قبل قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دستخط کر کے صدر کو منظوری کیلئے بھیجی تھی۔یاد رہے کہ صدر کے دستخط کرتے ہی قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی ہے تاہم نگران وزیراعظم کی تقرری تک وزیراعظم شہباز شریف عہدے پر برقرار رہیں گے۔

 

 

پاکستان کی موسیقی کی عظیم ورثہ کے تحفظ کے لئے میوزک پالیسی ناگزیر ہے، مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بحیثیت وزیر اطلاعات اپنی مدت ختم ہونے سے پہلے پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی کے اجراء پر خوشی ہے۔ وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز (9 اگست) اپنے الوداعی اجلاس میں میوزک پالیسی کی منظوری دی۔جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میوزک پالیسی کی نمایاں خصوصیات میں پاکستان کی موسیقی کی عظیم ورثہ کا تحفظ، موسیقی کے موجودہ منظر نامہ کی ترویج و ترقی اور قانونی فریم ورک کے ذریعے میوزیکل ورک کا تحفظ شامل ہے جو فنکاروں کے لئے استعمال میں آسان، نفاذ میں جامع اور تکنیکی ترقی کے مطابق ڈھالنے کے قابل ہو۔مریم اورنگزیب نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تاریخی پالیسی میں تعاون کیا جن میں فنکار، وکلاء اور وزارت اطلاعات کے حکام شامل ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پالیسی کی منظوری دی اور اسے حقیقت بنانے میں معاونت کی۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
77763