Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عورت اور پردہ….بقلم طیبہ کوثر

شیئر کریں:

عورت نام ہے اس ہستی کا جو بیٹی بنے تو گھر خوشیوں کا گہوارہ بنتا ہے۔بہن کے روپ میں سامنے آئے تو بھائیوں کی مونس و غم خوار بنتی ہے۔ بیوی کے رنگ میں مجسم ہو تو گھر کو جنت بناتی ہے اور ماں بن کر نمودار ہو تو جنت اس کے قدموں تلے آجاتی ہے۔عورت کا ہر روپ نرالا اوراسکا ہر کردار دنیا کی رنگ آمیزی کی وجہ ہے۔

شاعر مشرق نے کہا ہے۔۔۔
وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ۔۔۔۔

گویا کائنات کی رنگینی صنف نازک ہی کی بدولت ہے۔ زندگی میں دلکشی عورت ہی کے دم قدم سے ہے مگر شرط یہ ہے کہ عورت اپنے اس نام کی لاج رکھ لے، اسکی خوبصورتی، دلکشی، نزاکت اس وقت قیمتی ہیں جب وہ لفظ ‘عورت’ کے معنی کو سمجھے جب اسے اپنی حیثیت مقام اور مرتبے کا علم ہو۔ اسے معلوم ہو کہ عورت کیلئے سب سے ضروری چیز جس کا حکم اللہ نے دیا وہ یہ ہے کہ اپنی زیب و زینت کو سب پر عیاں نہ کرے۔ اپنے پردے کا خاص اہتمام کرے۔ اپنی شرم و حیا کا خیال رکھے تاکہ معاشرے میں بگاڑ کی کوئی صورت پیدا نہ ہو۔ اس حکم الہی کے پیچھے جو فلسفہ ہے اس پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ عورت کا خود کو چھپانا اور پردہ کرنا بہت سی خرابیوں کو پیدا ہونے سے روک دیتا ہے۔ نبی اور صحابہ کرام کے دور میں مسلمان خواتین کو مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت تھی لیکن اس وقت بھی انہیں یہ حکم تھا کہ وہ حجاب کا خیال رکھیں تاکہ وہ ستائی نہ جائیں۔ گزشتہ زمانے کے برعکس آج کے ترقی یافتہ زمانے میں پردہ اور حجاب نہ ہونے کے برابر ہے۔ کیونکہ اس کے بارے میں لوگوں کے عجیب خیالات ہیں کہ پردہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ پردہ دار عورت زمانے کے ساتھ کبھی نہیں چل سکتی یا پردہ کرنے والی پرانے خیالات کی مالک تنگ نظر ہوتی ہے۔ اسکے لئے ‘اولڈ فیشن’ یا ‘دقیانوسی’ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہیں۔ پوچھنا یہ ہے کہ بے پردگی اختیار کر کے مسلمان خواتین کونسا ستاروں پہ کمندیں ڈالنے میں کامیاب ہوگئی ہیں؟ کونسا اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں جگہ دلا پائی ہیں؟ ملک کا نام کس کس جگہ روشن کیا ہے؟ حجاب کبھی انسان کی کامیابی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنا۔ نہ عورت کے لئے کسی اور طرح کی پابندی کی وجہ بنا ہے۔ پردے میں رہ کر بھی عورت اپنے مقاصد کی تکمیل کرسکتی ہے۔ اپنی ذمہ داریاں عمدہ طریقے سے ادا کر سکتی ہے۔ دیکھا جائے تو عورت کی خوبصورتی ہی پردہ کرنے میں ہے جس کے نہ صرف معاشرتی بلکہ سائنسی فوائد بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ اکثر گھرانوں میں بچیوں کے پردے کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا جس کی وجہ سے وہ کھلے عام باہر نکلتی ہیں۔ ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی یہ ایک روایت کا روپ اختیار کرتی جارہی ہے جس کی ذمہ داری نہ صرف اس بچی پہ بلکہ اسکے گھر کے مرد حضرات پر بھی آتی ہے جس کی عدم توجہی کی وجہ سے عورت کا پردہ ان مردوں کی عقل پہ پڑ جاتا ہے۔

اکبر آلہ آبادی نے کہا ہے۔۔۔
بے پردہ کل جو آئی نظر چند بیبیاں
اکبر زمیں میں غیرت قومی سے گھڑ گیا
پوچھا جو ان سے آپ کا پردہ وہ کیا ہوا
کہنے لگیں کہ عقل پہ مردوں کی پڑ گیا

عورت اپنی نادانی کی وجہ سے اپنی حیثیت اور قدروقیمت میں خود ہی کمی لا رہی ہے۔ اسلام نے عورت کو پردے میں رہنے کا حکم اس پر ظلم و ذیادتی کے لئے نہیں دیا بلکہ اس نے عورت کو انمول بنایا ہے اور انمول چیزوں کو کھلے عام نہیں چھوڑا جاتا جس طرح انمول پتھروں اور جواہرات کو پوشیدہ رکھا گیا ہے ان کے حصول میں انسان کتنی کوشش کرتا ہے اسی طرح عورت کو بھی اپنی قدروقیمت کو پہچاننا چاہئے تاکہ وہ خود کو عیاں کرکے اپنی ساکھ نہ کھودے ۔ وہ اتنی بے حیثیت نہیں کہ ہر ایرے غیرے کی غلیظ نگاہ اس پر پڑے ۔ ہر کسی کی ہوس زدہ نظروں کا مرکز بنے ۔ اگر اسے اپنی پاکیزگی اور پاکدامنی مطلوب ہے تو کسی کو یہ موقع ہی نہ دے جس کے لئے پردہ اس کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ تاہم یہ بات ذہن نشین کرے کہ پردہ صرف چہرے کا نہ ہو بلکہ زبان، وجود اور دل و نگاہ کا پردہ سب سے زیادہ ضروری ہے ۔ آج کل حجاب کے نام پر دوسروں کی آنکھوں میں دھول جھونکا جارہا ہے پردے کے نام پر کھلے عام دعوت نظارہ دیا جارہا ہے ایسے عبایہ اور برقع پہننے کا فیشن چل نکلا ہے جو سب کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کھلے عام اور بھرپور کوشش ہے ۔ پتلے پتلے دوپٹے اور حجاب کے ساتھ بالوں کا پہاڑ جیسا جوڑا بنا کر پلکوں میں مسکارا اور آئی میک اپ تھوپ کر گھروں سے ایسے نکلتی ہیں گویا اس اسلحے کے زریعے پوری دنیا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گی ۔

شاعر نے کہا ہے۔۔۔
خوب پردہ ہے کہ چلمن سے لگے بیٹھے ہیں
صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں

پردے اور حجاب کے نام پر ڈھول بجاتے ہوئے سب کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ جسے دیکھ کر یقین ہوجاتا ہے کہ عورت کا پردہ واقعی عقل پہ پڑ گیا ہے۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, خواتین کا صفحہ, مضامینTagged
40905