Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں آزادانہ، پرامن، منصفانہ انتخابات میری خواہش ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے پرمکمل عملدرآمد کیاہے، گورنرحاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

صوبے میں آزادانہ، پرامن، منصفانہ انتخابات میری خواہش ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے پرمکمل عملدرآمد کیاہے، گورنرحاجی غلام علی
ملکی مفادات،معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے کام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پشاور کے سینئر صحافیوں سے گفتگو

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلا م علی نے کہاہے کہ اُن کی خواہش ہے کہ صوبے میں آزادانہ، پرامن اور منصفانہ انتخابات ہوں،عام انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورتی عمل مکمل کیا اور ایک دو روز میں الیکشن کمیشن کے ساتھ پھر ملاقات ہوگی۔ صوبے میں عام انتخابات سے متعلق صدرپاکستان سے بھی ملاقات کی، اورصوبائی حکومت سے الیکشن کی تیاری و ضروریات سے متعلق تحریری طور پر بھی پوچھا جس کا انہوں نے تحریری جواب بھی دیاجوالیکشن کمیشن کو ارسال کردیا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور کے سینئر صحافیوں سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنرکاکہناتھاکہ الیکشن کمیشن نے ہمارے خط کی روشنی میں سیکورٹی اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس بھی بلایا۔ انہوں نے کہاکہ وہ بہت جلد الیکشن کمیشن جارہے ہیں اور اُن کی کوشش ہے کہ جلد بازی میں ایسا کوئی فیصلہ نہ ہو جس سے مشکلات پیدا ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ ضم اضلاع کے عوام بھی اسلام آباد میں مظاہرہ کررہے ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں سے پہلے انتخابات نہ کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کررہے ہیں کہ مل بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کریں اور تمام معاملات پر غور کریں۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوشش کررہا ہے لیکن ہم نے زمینی حقائق کو دیکھناہے، ہم چاہتے ہیں کہ متحد ہو کر ملکی مفاد میں کوئی فیصلہ ہو۔

 

انہوں کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کو ہم نے ماناہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صورتحال میں واضح طور پر فرق ہے، یہاں حالات ٹھیک نہیں ہیں، امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ صوبہ کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے جو صورتحال صوبائی حکومت نے بتائی ہے اس سے الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کیاہے اور اپنی ایک رائے دی ہے جس کو ماننا یا نہ ماننا ادارے کا اختیارہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر کا کہناتھاکہ سیاسی جماعتوں کو ملک میں شائستگی، روایات اور اقدار کو فروغ دیناچاہئیے، سیاست میں دشمنیاں پیدا نہیں کرنی چاہئیے، ملک کو معاشی مشکلات درپیش ہیں اور ان مشکلات سے ملک کو نکالنا اور ملکی مفادات کیلئے کام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ جمہوری روایات میں احتجاج ہر ایک کا جمہوری حق ہے، لیکن احتجاج پرامن ہوناچاہئیے اور اپنا پیغام سیاسی انداز میں ریکارڈ کرناچاہئیے۔ نگران وزیراعلی سے تعلقات کے سوال پر انہوں نے کہاکہ میڈیا اور سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پر ایک پروپیگنڈہ چلایاجارہاہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ نگران وزیراعلٰی کے ساتھ بطور صوبے کے آئینی سربراہ ایک بہترین تعلق ہے، نگران وزیراعلٰی اپنی ذمہ داریاں اور وہ بطور گورنر اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔

Governor KP Delegations Photo senior journalists


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
72772