Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کی طرف سے ٹی ایم ایز اور مقامی اداروں کے مابین مقابلہ صفائی و ستھرائی کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی حکومت نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز ،واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنیوں اور مقامی اداروں کے مابین مقابلہ صفائی وستھرائی کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ محکموں کو مقابلہ صفائی و ستھرائی کے حوالے سے احکامات جاری کردیئے ہیں۔مراسلے کے مطابق 77 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز،6 واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنیاں اور تمام متعلقہ مقامی ادارے حصہ لیں گے۔اس حوالے سے صفائی و ستھرائی کے مختلف کاموں کے لئے 140 نمبرز مقرر کئے گئے ہیں اور اسی حوالے سے پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامی رقوم بھی تقسیم کی جائیں گی جس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ادارے کو 3 کروڑ،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ادارے کو 2 کروڑ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ادارے کو 1 کروڑ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔سکورنگ کے لئے ضلعی و صوبائی سطح پر امپائرز کی تقرری سمیت ضابطہ کار وضع کردیئے گئے ہیں۔مراسلے کے مطابق انعامی رقوم کا 80 فیصد حصہ ادارے کو دیا جائے گا جبکہ 20 فیصد حصہ اہلکاروں میں تقسیم کیا جائے گا۔اسی طرح خراب کارکردگی دکھانے والے اداروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔مقابلہ یکم اپریل تا 30 جون جاری رہے گا۔صوبائی حکومت کے اس اقدام کامقصدصوبے میں صفائی و ستھرائی سمیت اداروں کی کارکردگی بہتر کرنا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
8080