درآمد شدہ چینی سستا بازاروں‘ و جنرل سٹورز میں شہریوں کو 87.50 روپے فی کلو فراہم کی جائیگی‘ محکمہ خوراک
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وافر مقدار میں چینی درآمد کردی ہے جو شہریوں کو فی کلو 87.50 روپے میں فراہم کی جائیگی۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ درآمد شدہ چینی صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف ڈویژنز پہنچ گئی ہے جو عوام کو سستے داموں فراہم کی جائیگی درآمد شدہ چینی شہریوں کیلئے سستا بازار و جنرل سٹورز پر 87.50 روپے میں دستیاب ہوگی۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کے مطابق صوبائی حکومت کی دلچسپی اور عوام کو ریلیف دینے کی خاطرمحکمہ انڈسٹریز کی نگرانی میں بیرون ممالک سے درآمد شدہ چینی کراچی پورٹ پہنچ چکی ہے جس کی ٹرانسپورٹیشن تیزی سے جاری ہے جو پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان‘ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن سمیت دیگر ڈویزنز میں اسکی خرید و فروخت شروع ہو چکی ہے جس کے لئے صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنر کی معاونت سے ڈیلرز لئے ہیں جس کی نگرانی ڈپٹی کمشنرز اور دیگر عملہ کریگا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے واضح کیا کہ گنے کی کرشنگ کا سیزن بھی شروع ہو رہا ہے جس سے چینی کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہو گی تاہم صوبائی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی خاطر سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کردیئے ہیں اور جلد پشاور میں عوام کو درآمد شدہ چینی 87.50 روپے فی کلو میسر ہوگی۔