Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور ٹیکنیکل ریسورس کے لئے صحت بیمہ کارڈ کا اجرا، 15 لاکھ روپے کی کارپوریٹ ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہوگی

شیئر کریں:

صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور ٹیکنیکل ریسورس کے لئے صحت بیمہ کارڈ کا اجرا، 15 لاکھ روپے کی کارپوریٹ ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہوگی

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور فلمی صنعت کے تکنیکی ماہرین کے لئے صحت بیمہ کارڈ کا اجرا اور فرض کی ادائیگی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ منگل کو صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور ٹیکنیکل ریسورس کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کے اجرا کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی سمیت وفاقی سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان، وفاقی سیکریٹری قانون، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، صحافیوں اور فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صحت بیمہ کارڈ کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس اپنے فرائض کی انجام دہی میں کئی چیلنجز اور خطرات کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اہم کاوش پر وفاقی وزیر اطلاعات اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فرض کی ادائیگی کے دوران زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ اس فنڈ کے تحت صحافی کے اہل خانہ کو 40 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اہم اور تاریخی دن ہے جب وزیراعظم کی ہدایت پر ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بحیثیت اپوزیشن لیڈر جو وڑن تھا، آج اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل وزارت اطلاعات اور اسٹیٹ لائف کے مابین ہیلتھ انشورنس کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے، آج اس ہیلتھ انشورنس کا باضابطہ اجرا کیا گیا ہے۔تقریب میں وزیراعظم نے صحافیوں اور فنکاروں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے۔ ہیلتھ انشورنس کارڈ کے تحت 15 لاکھ روپے کی کارپوریٹ ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہوگی، صحافی، میڈیا ورکز، فنکار اور ٹیکنیکل ریسورس ملک بھر میں 1200 ہسپتالوں سے عالمی معیار کی صحت سہولیات مفت حاصل کر سکیں گے۔

 

ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا وزیراعطم شہباز شریف کے وڑن کی تکمیل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا وزیراعظم شہباز شریف کے وڑن کی تکمیل ہے۔ وہ منگل کو یہاں صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ اور وزارت قانون کی جانب سے پاکستان کوڈ، ڈیجیٹل ریپازیٹری آف فیڈرل لاز موبائل ایپلی کیشن اور ویب پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی، رکن قومی اسمبلی مہناز عزیز سمیت سیکریٹری اطلاعات، پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور صحافیوں و فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج اہم اور تاریخی دن ہے جب وزیراعظم کی ہدایت پر ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل وزارت اطلاعات اور اسٹیٹ لائف کے مابین ہیلتھ انشورنس کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے، آج اس ہیلتھ انشورنس کا باضابطہ اجرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بحیثیت اپوزیشن لیڈر جو وڑن تھا، آج اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت قانون نے تمام فیڈرل قوانین کو ایپلی کیشن اور ویب پورٹل کی صورت میں پاکستان کے عوام کے لئے تیار کیا ہے جس پر وزارت قانون کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں بہترین کاوشوں پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا شکریہ ادا کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
77682