ریشن کے مقام پر دریا کے کٹاؤ کے باعث چترال مستوج گلگت روڈ منقطع ہونے کا خدشہ، ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا موقع پر دورہ، غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکہ دار کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔ محمد عرفان الدین
چترال ( چترال ٹائمزرپورٹ ) شادر ریشن میں دریائے یارخون کے کٹاؤ کی وجہ سے چترال مستوج روڈ منقطع ہونے کے خدشہ کے پیش نظر محمد عرفان الدین ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے اسسٹنٹ کمشنر مستوج یونس خان کے ہمراہ شادر ریشن کا ہنگامی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے این،ایچ،اے حکام، یو،این،ڈی،پی ، ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ اور سوئل کنزرویشن کے نمائندوں کو ہنگامی بنیادوں پر موقع پر بلایا اور متاثرہ جگہے کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے دریا کے کٹاؤ کی وجہ سے متاثر ہونے والے روڈ اور لوگوں کے گھروں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ این،ایچ،اے اور محکمہ ایریگیشن کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر چترال بونی روڈ سمیت لوگوں کے گھروں کو مذید نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بتایا کہ مذکورہ متاثرہ مقا م پر محکمہ ایریگیشن نے اپنے ٹھیکہ دار کے زریعے حفاظتی پشتے تعمیر کئے تھے اور کام کی معیار ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے وہ دریا برد ہوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکہ دار کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
