دیہی و شہری علاقوں کی صفائی ستھرائی و سیوریج نظام کی بہتری کے سلسلے میں ضلع لوئر چترال میں “سپیشل صفائی ستھرائی”مہم کاآغاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبد السلام نے افتتاح کیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے دیہی/ شہری علاقوں کی صفائی ستھرائی و سیوریج نظام کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدام کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئر چترال عبد السلام نے ضلع لوئر چترال میں “سپیشل صفائی ستھرائی”مہم کا افتتاح کردیا۔
سپیشل صفائی ستھرائی مہم” کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھاکہ اس سپیشل مہم کے دوران “ضلع لوئر چترال “کی تمام گلیوں، محلوں،روڈز سائیڈ ڈرینز کی صفائی کی جائے گی تا کہ نکاسی آب کے مسائل حل ہو سکیں، ضلع لوئر چترال کو حقیقی معنوں میں صاف ستھرا بنانے کے لیے تمام مکاتب فکر کے لوگ تعاون کریں، اپنے ارد گرد کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں،غلاظت کسی ایک جگہ جمع کریں میونسپل ایڈ منسٹریشن کے اہلکار اسے اٹھائیں گے۔ “سپیشل صفائی مہم” کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکورٹرز محمد افتب منیر , ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدنان حیدر ملوکی, ٹی ایم او رحمت حنیف , لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران و سٹاف, سماجی شخصیات, تجار برداری کے نمائندوں اور میڈیاء کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاقے کی خوبصورتی کو ہم سب نے ملکر قائم رکھنا ہے صرف میونسپل ایڈ منسٹریشن کیطرف دیکھنے کے بجائے اپنے ارد گرد کے ما حول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہونگی، شہر اور مضافات میں موجودہ لوگ کوڑا کرکٹ جگہ جگہ نہ پھیلائیں بلکہ کسی ایک جگہ اسے ڈمپ کریں تا کہ میونسپل سینٹیشن سٹاف کے لوگ اسے اٹھا کر تلف کر سکیں، انہوں نے کہا کہ سپیشل صفائی مہم منانے کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا ہے تا کہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،شہر میں صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے میونسپل سینٹیشن کی تمام تر مشینری کو استعمال میں لایا جائے گا، کھلے گٹروں کے ڈھکن لگائے جائیں سیوریج کے نظام کو فعال کیا جائے گا۔ تمام ٹی ایم اے آفس اور دیگر بلدیاتی اداروں میں شکایت سیل کو فعال کیا جائے اور صفائی ستھرائی سے متعلقہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، شہری نشاندہی کریں انتظامیہ عملدرآمد کرے گی،صفائی ستھرائی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جائے گی۔
ضلعی ہیڈ کوارٹر کیساتھ ساتھ تحصیل سطح پر بھی یہ مہم شروع کردی گئی ہے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی افسران اس مہم کی نگرانی کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کریں گے، کسی قسم کی سستی یا کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔

