Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

دروش تھانہ کے حدود میں کڑدام گول جنگل میں دو افراد قتل، ملزم وقوعہ کےبعد روپوش، علاقے کے عوام کا دروش میں احتجاجی مظاہرہ

Posted on
شیئر کریں:

دروش تھانہ کے حدود میں کڑدام گول جنگل میں دو افراد قتل، ملزم وقوعہ کےبعد روپوش، علاقے کے عوام کا دروش میں احتجاجی مظاہرہ

چترال (نمائندہ چترال ٹایمز) بدھ کے روز صبح آٹھ بجے کے قریب لویر چترال کے تحصیل دروش کے حدود میں واقع جنگل کڑدام گول میں جنگل کے تنازعہ پر گوجر برادری سے تعلق رکھنے والے شخص نے شاہ نگر دروش کے رہائشی اشرف گل ولد گل نیاب اور احسان الدین ولد محراب الدین کو آتشین اسلحہ سے فائر کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ جنکی لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالہ کیا گیا، جس کے بعد ورثا نے چترال پشاور روڈ کو بلا ک کرکے دروش بازار میں لاشوں کو لیکر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

 

اس سلسلے میں ایس پی انوسٹی گیشن لویر چترال عبدالستار خان نے میڈیا کو بتایاکہ وقوعہ کے فوری بعد ملزم نے اپنے بال بچوں کے ساتھ روپوش ہوگئے ہیں جبکہ مقامی پولیس ان کی تلاش شروع کردی ہے اور تمام متوقع مقامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔ مقتولین کڑدام گول جنگل سے خشک سوختنی لکڑی اپنے گھروں کو لانے کے لئے گئے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ جائے وقوعہ کڑدام کا جنگل دروش شہر سے 11کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہونے کی بنا پر ملزم روپوش ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تھانہ دروش میں ملزم نور عالم کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ 302کے تحت قتل کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔

 

دریں اثناء مقتولین کی لاشیں دروش پہنچائے جانے پر مقامی افراد نے سخت ردعمل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے دونوں لاشیں دروش چوک میں رکھ کر کئی گھنٹوں تک احتجاجی مظاہرہ کی اور اسسٹنٹ کمشنر دروش کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پرامن منتشر ہوگئے جس نے دو دنوں کے اندر قاتل کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ احتجاجی مظاہرین قاتل کے ساتھ ساتھ گوجر برادری کے رہنما حاجی انذر گل کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کررہے تھے۔ کڑدام گول کے جنگل پر دروش کے مقامی لوگوں اور گوجر برادری میں گزشتہ کئی سالوں سے تنازعہ چلی آرہی ہے۔

chitraltimes drosh murder and protest 1 chitraltimes drosh murder and protest 3 1 chitraltimes drosh murder and protest 1 chitraltimes drosh murder and protest 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
78189