Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا کو پن بجلی منافع کے مزید 3 ارب روپے حاصل ہو گئے ۔۔وزیرخزانہ

شیئر کریں:

رواں مالی سال میں اب تک 11 ارب مل چکے، قسط میں اضافے کے لیے بات چیت کریں گے۔ تیمور جھگڑا


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا کو خالص بجلی منافع کی مد میں وفاق سے رواں ماہ مزید 3 ارب روپے مل گئے ہیں جس سے رواں مالی سال میں پن بجلی منافع 11 ارب روپے ہو گیا ہے۔ صوبائی حکومت قسط میں اضافے کے لیے وفاق سے بات چیت کرے گی۔ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی خالص بجلی منافع کے حوالے سے کوششیں بار آور ثابت ہوئیں ہیں اور اس مد میں صوبے کو تسلسل سے اقساط ملنا شروع ہو گئی ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران اب تک 11 ارب روپے حاصل ہو چکے ہیں جس میں جنوری کی 3 ارب روپے کی قسط بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دسمبر اور نومبر میں بھی تین تین ارب روپے ملے تھے جبکہ اکتوبر 2020 میں صوبائی حکومت کو 2 ارب روپے ملے تھے۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبے کو پن بجلی منافع کے حصول میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی کاوشیں شامل ہیں جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزراء عمر ایوب، پرویز خٹک اور فیصل واڈا کا بھی اس میں اہم کردار ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پن بجلی منافع کی ماہانہ اقساط میں اضافے کے لیے بات چیت کی جائے گی تاکہ رواں مالی سال کی تمام رائلٹی صوبے کو مل جائے اور ایک جامع حکمت عملی اور میکنزم کے تحت اس مد میں بقایاجات بھی جلد حاصل ہوں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
45213