خیبرپختونخوا اب بھی سات ہائیڈرو منصوبوں سے 171 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔مزمل اسلم
مزید 600 میگاواٹ کے دس منصوبے جاری ہیں جن کی تخمینہ لاگت 1.2 بلین ڈالر ہے۔مزمل اسلم
خیبرپختونخوا آئل کمپنی بہت جلد زیادہ صلاحیت والے تھل بلاک میران شاہ جوائنٹ وینچر کا معاہدہ کر رہی ہے جو پبلک سیکٹر کی سرکردہ کمپنیوں کے ساتھ ہوگا۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ)صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا آئل کمپنی بہت جلد زیادہ صلاحیت والے تھل بلاک میران شاہ جوائنٹ وینچر کا معاہدہ کر رہی ہے جو پبلک سیکٹر کی سرکردہ کمپنیوں کے ساتھ ہوگا۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے توانائی سیکٹر سے صوبے کے علاوہ ملک کے دیگر حصے یا افراد بھی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیڈو کلین اینڈ گرین انرجی کے لیے پاکستان کی جدید ترین پاور جنریشن کمپنی کے طور پر ابھر رہی ہے،پیڈو کی مجموعی پیداوار 2028-29تک 800 میگاواٹ تک پہنچنے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کا 42 فیصد آئل اور 13 فیصد گیس پیدا کرتا ہے،مستقبل میں آئل گیس اور انرجی سیکٹر میں بڑی دریافتوں میں اضافہ کی امید ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اب بھی سات ہائیڈرو منصوبوں سے 171 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے اور مزید 600 میگاواٹ کے دس منصوبے جاری ہیں جن کی تخمینہ لاگت 1.2 بلین ڈالر ہے۔انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ جنریشن کی لاگت 10 روپے فی یونٹ سے کم ہوگی اس کے علاوہ اپنا پاور سیکٹر ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کی بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کیلئے ٹرانسمیشن لائن کا لائسنس حاصل کر لیا گیا ہے اور جلد ہی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے لائنیں بچھا ئیں گے اور اس کیلئے جلد ہی ڈسٹری بیوشن کا لائسنس بھی حاصل کر لیں گے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ اس اقدام سے صنعتوں کو سستی ترین بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی،صنعتیں مسابقتی رہیں گی اور برآمدات کی حوصلہ افزائی کرسکیں گے۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا آئل کمپنی اور پیڈو اگلے ماہ کراچی اور لاہور میں روڈ شو منعقد کریں گے جس کا مقصد ملک کے صنعتی شعبے کو خیبرپختونخوا کا انرجی پورٹ فولیو دکھانا ہے۔