خیبرپختونخوا آئل اینڈگیس کمپنی کا قیام، چیف ایگزیکٹوکی تقرری کاعمل آخری مرحلے میں داخل
تقرری کے لئے ٹاپ3امیدواروں کی میرٹ لسٹ تیار،کریمینل ریکارڈ کی چھان بین کا آغاز
شفاف تقرری کا عمل میرٹ کے مطابق جلد مکمل کرلیا جائے گا،سیکرٹری محکمہ توانائی وبرقیات
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) محکمہ توانائی وبرقیات خیبرپختونخواکے ذیلی ادارے خیبرپختونخواآئل اینڈگیس کمپنی لمیٹڈ(KPOGCL)کے نئے سربراہ چیف ایگزیکٹو آفیسرCEOکی تقرری کے سلسلے میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزنے امیدواروں سے انٹرویوزمکمل کرلئے ہیں اور امیدواروں کی میرٹ لسٹ بھی تیارکرلی گئی ہے جس کی روشنی میں میرٹ لسٹ میں سرفہرست3امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو بھیجے جائیں گے۔ حکومت خیبرپختونخوانے تقرری کے عمل میں شفافیت لاتے ہوئے تقرری کے لئے اہل امیدواروں کے مروجہ قوانین کے مطابق تعلیمی کوائف اوراسناد کی تصدیق بھی کرلی ہے تاہم محکمہ توانائی وبرقیات کی جانب سے کوالیفائیڈامیدواروں کے کریمنل ریکارڈکی چھان بین کے لئے حساس اداروں اورایجنسیوں کو خط لکھ دیا گیاہے جس کے بعدکسی بھی ایک امیدوارکی بطورچیف ایگزیکٹو تقرری کے حوالے سے صوبائی کابینہ کی سفارشات کے لئے منظوری لی جائے گی۔اس سلسلے میں سیکرٹری محکمہ توانائی وبرقیات نے بعض حلقوں کی جانب سے تقرری کے عمل میں غلط معلومات پھیلانے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ KPOGCLکے نئے سربراہ کی تقرری کا عمل میرٹ کومدنظررکھتے ہوئے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

