جماعت اسلامی چترال لوئر کے زیر اہتمام جاری “روڈ تحریک” کے سلسلے میں موری لشٹ میں عوامی اجتماع، روڈ تحریک کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز )
عوام الناس اور سیاسی نمائندگان کی طرف سے جماعت اسلامی کی طرف سے جاری روڈ تحریک کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے کہا کہ چترال کی پسماندگی اور یہاں کی سیاحت کو متاثر کرنے والی چیز یہاں کے روڈوں کی خستہ حالی ہے۔ اس کے علاؤہ روڈوں کی بدحالی کی وجہ سے بے روزگاری اور نت نئے معاشی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ روڈوں کی تعمیر و مرمت چترال کی بقا اور ترقی کا مسئلہ ہے۔ افسوس کہ بعض منصبوں کے لیے فنڈز جاری ہونے کے باوجود متعلقہ محکمے کی طرف سے مسلسل غلفت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ منصوبے وقت پر پائے تکمیل کو پہنچتے ہیں نہ کام معیار کے مطابق سرانجام دیا جاتا ہے، جس کے پیش نظر ہم نے روڈ تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں تمام اہل چترال کا مسئلہ ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹیز اور جملہ شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تحریک کا حصہ بنا کر آگے بڑھیں۔
امیر جماعت اسلامی نے جمعیت علمائے اسلام چترال کی طرف سے روڈ تحریک شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے تحریک کو کامیاب اور بارآور بنائیں گے۔
وجیہ الدین نے مسلم لیگ ن چترال کے ذمہ داراں کو بھی تحریک میں شامل ہونے اور روڈوں کی تعمیر کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
روڈ تحریک کے حوالے سے یہ بھی اعلان ہوا کہ آنے والے جمعہ کو چترال سے برنس تک تمام دیہات میں احتجاجی مظاہرے منعقد ہوں گے۔ جن میں بھرپور طریقے سے عوام الناس کو شریک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان احتجاجی مظاہروں میں حکومت پر تعطل کے شکار منصوبوں پر کام شروع کرانے اور نامکمل منصوبوں کو جلد پائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے زور دیا جائے گا۔ مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں تحریک کو پورے چترال میں پھیلانے اور جملہ اہل چترال کو حقوق کی حصولی کے لیے میدان میں لے آنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔


