جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم و ہنر سے معاشی ترقی اور گلوبل چیلینجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، حاجی غلام علی کا سیکاس یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن خطاب
گورنر کی سیکاس یونیورسٹی حیات آباد کے سالانہ کانووکیشن 2024 میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، 129 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور 15 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز پہنائے
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہنرمند نوجوان ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار کے حامل ہیں،جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم و ہنر سے ہی ہم گلوبل چیلینجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں، ملک و صوبہ خیبرپختونخوا موجودہ وقت میں معاشی مشکلات سے دوچار ہے، نوجوان طبقہ نے اپنے خاندان کے ساتھ ملکی معاشی ترقی کا لازمی جزو بننا ہے،نوجوانوں پر ملک و قوم کی بھاری زمہداری ہے، اور اس ذمہ داری کو بہتر انداز سے سر انجام دینا ہوگا بلکہ ریاست و ریاستی اداروں کا احترام بھی یقینی بنائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی کیساتھ قابو پایا جاسکے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز حیات آباد پشاور میں سیکاس یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن 2024 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں نگران صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر قاسم جان، صدر سیکاس یونیورسٹی انجنئیر محمد تنویر جاوید،رجسٹرار، فیکلٹی اراکین، سینٹ و سنڈیکیٹ کے ممبران سمیت طلباء و طالبات اور والدین نے شرکت کی. گورنر نے کانووکیشن میں سیشن 2019تا 2023 کے سول انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ, مکینیکل انجینئرنگ،سافٹ وئیر انجینئرنگ،کمپیوٹر سائینسز، انجینئرنگ منیجمنٹ, بزنس ایڈمنسٹریشن، آرکیٹیکچر کے شعبوں میں بیچلر، ماسٹر اور پی ایچ ڈی مکمل کرنیوالے 129 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 15 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز پہنائے.
تقریب میں وائس چانسلر سیکاس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نصیر احمد نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور گورنر کو یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ صدر سیکاس یونیورسٹی نے گورنر کو سونئیر پیش کیا. گورنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلباء و طالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد دی اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی عمی زندگی میں بھی محنت اور کوشش جاری رکھیں، اپنے لیے ہدف مقرر کریں اور پھر جدوجہد سے اسی ہدف کو حاصل کریں. انہوں نے کہا کہ دین کیساتھ وابستگی قائم رکھیں انشاء اللہ کامیابی آپ کا مقدر بنے گی. نوجوان اپنی حاصل کردہ تعلیم و ہنر سے ملک و قوم کیلئے فخر کا باعث بنیں، تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اپنی حاصل کردہ تعلیم سے معاشرے میں نمایاں تبدیلی لانی ہے، نے اپنے اپنے شعبوں میں نئی تحقیق و ایجادات متعارف کروائیں اور ملکی قدرتی وسائل پر تحقیق کر کے روزگار کے مواقع پیدا کریں. انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان قابلیت و صلاحیت میں کسی سے کم نہیں ہیں، ہماری نوجوان نسل کو منفی پروپیگنڈا سے گمراہ کرنیکی سازشیں جاری ہیں. آپ سب نے ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے. گورنر نے سیکاس یونیورسٹی کو عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے اور بہترین تعلیمی خدمات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکاس یونیورسٹی نوجوانوں کو عصر حاضر کی ضرورت کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کی فراہمی میں کوشاں ہے اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں میں اپنا ایک مقام پیدا کیا ہے. انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سیکاس یونیورسٹی مستقبل میں بھی معیاری اور جدید دور سے ہم اھنگ تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گی.
