بھارت گھبراہٹ کاشکار، وزیراعظم پاکستان اور آئی ایس پی آرکے یوٹیوب چینل پر پابندی لگادی
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے بعد بھارت سچائی کا سامنا کرنے سے گریزاں، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر پابندی عائد کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کاکول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کیا جو یوٹیوب چینل پر چلنے پر بھارتی حکومت تلملا اٹھی، بھارت کی شکایت پر تقریر یوٹیوب سے ہٹا دی گئی۔اپنے مو قف میں یوٹیوب انتظامیہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر ہٹائے جانے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔اس سے قبل بھارت نے یوٹیوب پر پاکستان کے سولہ چینلز کی نشریات بلاک کردی تھیں جبکہ اس سے پہلے بھی مودی سرکار پاکستانی حکومت کے ایکس اکاؤنٹس پر بھارت میں پابندی لگا چکی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی چینلز نے بھارت کے فالز فلیگ آپریشن سمیت دیگر جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی تھی، ایتھلیٹ ارشد ندیم سمیت کئی پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کردیے گئے، اداکار فواد خان، ماہرہ خان، علی ظفر، سجل علی، صباقمر، ہانیہ عامرسمیت کئی فنکاروں کے اکاؤنٹس پر پابندی لگادی۔تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستانی چینلز پرپابندی مودی سرکار کی اپنی ناکامیوں اوراندرونی تضادات کو چھپانے کی کوشش ہے۔
پاکستانی میڈیا بیانیے کی جنگ جیت گیا؛ خوفزدہ بھارت نے ISPR کا یوٹیوب چینل بلاک کردیا
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)پہلگام فالس فلیگ آپریشن سے متعلق حقائق سامنے لانے اور بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے پر گھبراہٹ کی شکار مودی سرکار نے آئی ایس پی آر کا یو ٹیوب چینل بلاک کردیا۔جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اور سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ ایسا ہی کچھ پہلگام واقعے پر ہوا جب بھارت نے حملے کے چند گھنٹوں بعد ہی پاکستان پر الزام عائد کرنا شروع کردیئے تھے۔مودی سرکار کے اس جھوٹے پروپیگنڈے پر پاکستانی میڈیا نے دنیا کے سامنے ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ حقائق پیش کیے جس سے بھارت کا زہریلہ پروپیگنڈا زائل ہوگیا۔پاکستانی میڈیا کے مضبوط دلائل سے بھارتی عوام کی آنکھیں بھی کھل گئیں اور دفاعی ماپرین سمیت عام شہریوں نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا۔
جھوٹ پر کھڑی مودی حکومت اپنے بیانیے کو یوں تار تار ہوتے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔مودی سرکار نے پاکستان کے اس مضبوط بیانیے پر کلیدی کردار ادا کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنا شروع کردیئے تاکہ بھارتی عوام کو اندھیرے میں رکھا جا سکے۔حال ہی میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردی میں بھارتی فوج کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیش کیے تھے۔جس پر بھارتی عوام اور ماہرین نے مودی سرکار کی ناقص سیکیورٹی، انٹیلی جنس فیلیئر اور ملک کی بدنامی کا باعث بننے پر سوالات کھڑے دیئے۔بھارتی حکومت سچ کا اور نہ ہی اپنے عوام کا سامنا نہ کرپائی اور آئی ایس پی آر کا آفیشل یوٹیوب چینل اور ایکس اکاؤنٹ ہی معطل کردیا۔یاد رہے کہ قبل ازیں بھارت میں معروف پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بلاک کیے گئے تھے۔مودی سرکار کی ان پابندیوں کے باوجود پاکستان کا بیانیہ دنیا بھر میں مودی کے دہشت گرد عزائم اور زہریلے پروپیگنڈے کا پردہ فاش کر رہا ہے۔
واہگہ بارڈر پاکستانیوں کی واپسی کیلئے کھلا ہوا ہے، دفتر خارجہ کی بھارتی میڈیا رپورٹس کی تردید
اسلام آباد(سی ایم لنکس)دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں مہلک حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے کشیدہ جغرافیائی سیاسی حالات کے باعث واہگہ بارڈر شہریوں کی واپسی کے لیے بند کر دیا ہے۔22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے، جو کہ 2000 کے بعد سے خطے میں ہونے والے سب سے مہلک حملوں میں سے ایک ہے۔ایک روز قبل ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈر پر گیٹ کھولنے سے ’انکار‘ کردیا جس سے درجنوں پاکستانی ’سفارتی تعطل کے باعث متنازع علاقے میں پھنس گئے ہیں۔‘جمعرات کو رات گئے وزارت خارجہ نے بھارت سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے واہگہ بارڈر کراسنگ کی دستیابی کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیا۔
اس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کا بھارتی فیصلہ سنگین انسانی چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔‘بیان میں کہا گیا کہ ’نازک صحت کے حامل بہت سے مریضوں کو اپنا علاج مکمل کیے بغیر پاکستان واپس آنا پڑا۔ مزید برآں، خاندانوں کے تقسیم ہونے اور بچوں کے اپنے والدین میں سے کسی ایک سے جدا ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ واہگہ-اٹاری بارڈر سے گزرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 تھی۔بیان میں کہا گیا کہ ’اس تناظر میں، ہم میڈیا کی ان رپورٹس سے آگاہ ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ کچھ پاکستانی شہری اٹاری میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘دفتر خارجہ نے کہا کہ ’اگر بھارتی حکام ہمارے شہریوں کو اپنی طرف سے سرحد پار کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو ہم ان کے استقبال کے لیے تیار ہیں، جبکہ واہگہ بارڈر مستقبل میں بھی پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد 24 اپریل کو بھارت نے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے بھارتی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ’پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں، بھارتی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا خدمات فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘بھارتی حکام نے کہا تھا کہ ’اس وقت بھارت میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو ویزا کی میعاد ختم ہونے سے ملک چھوڑنا ہوگا۔‘
