پشاور (چترا ل ٹائمز رپورٹ) صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ اصلاحات کے ذریعے امتحانی نظام میں بہتری لا رہے ہیں۔ تمام امتحانی ہال کی بذریعہ CCTV کیمروں کے مانیٹرنگ کی جائے جبکہ رٹہ کلچر پرقابو پانے کیلئے پیپرز میں قابلیت جانچنے والے سوالات شامل ہوں گے تاکہ میرٹ اور شفافیت کو مزید تقویت دی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے بچوں کو مستقبل کیلئے تیارکرناہے ہربچے کو ایک جیسی سہولیات اورمواقع دیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے صوبے کے تعلیمی بورڈ کے سربراہان، محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں کے سربراہان اور ماہرین تعلیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری محکمہ تعلیم ندیم اسلم چوہدری اوردیگراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں امتحانات کے انعقاد اور تعلیمی سیشن کے اجراء بشمول، امتحانی نظام و دیگرتجاویزاور کوروناصورتحال پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔ صوبائی وزیرتعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام تر توجہ طلباء پرمرکوز کر دیں، امتحانی بورڈز بشمول تمام تعلیمی اداروں میں طلباء کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ جبکہ ٹیکنالوجی کے استعمال اور دستیابی کو بھی یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بہترین آئیڈیاز کوسپورٹ کرتے ہیں اور تعلیمی بہتری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے لائحہ عمل تیارکیاجائیگا۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ تمام بورڈ سربراہان کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری اور نجی سکولز میں امتحانات سے پہلے کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کریں اور بغیرکیمرے لگے سکولوں کو امتحانی ہال نہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیچنگ ابھی ایک بہترین کیئرئربن گیا ہے مراعات، بہترین سروس سٹرکچر اور دیگرسہولیات اور مواقعوں کی بدولت اعلی تعلیم یافتہ نوجوان اب اس شعبے کی طرف راغب ہو رہے ہیں جس کی بدولت درس وتدریس کے نظام میں بہت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع بشمول پورے صوبے میں اساتذہ کی ہزاروں آسامیاں مشتہر ہوچکی ہیں جن پرخالص میرٹ کے مطابق بھرتی ہوگی۔
بغیرکیمرے لگے سکولوں کو امتحانی ہال نہ دیا جائے۔وزیرتعلیم
بغیرکیمرے لگے سکولوں کو امتحانی ہال نہ دیا جائے۔وزیرتعلیم