اپرچترال؛ بونی تورکہو روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور مبینہ کرپشن کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کی پاداش میں ایف آئی آر میں نامز د پانچ ملزمان نے گرفتاری دیدی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال میں بونی بزند روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو 12کروڑ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کی پاداش میں اپر چترال پولیس کی طرف سے پرچہ درج کرنے پر احتجاج کی داعی تنظیم تورکھو تریچ روڈ فورم (ٹی ٹی آر ایف) کے صدر وقاص احمد ایڈوکیٹ سمیت آٹھ رہنماؤں نے گرفتاری دے دی۔ سب ڈویژنل پولیس افسر موڑکھو تورکھو مولائی شاہ نے میڈیا کو بتایاکہ وقاص احمد ایڈوکیٹ کے علاوہ گرفتاری دینے والوں میں وہاب، حفیظ الرحمن، شیر محمد، غلام اولیاء، محمد اعظم، معراج نبی شامل ہیں جنہیں مقامی عدالت میں پیش کرنے پر جوڈیشل ریمانڈ پرڈسٹرکٹ جیل لویر چترال بھیج دئیے گئے۔ ان رہنماؤں کے خلاف پولیس اسٹیشن تورکھو میں تعزیرات پاکستان کے دفعات 504,506,147,149,187,187,189 کے علاوہ نقص امن کا دفعہ 16ایم پی او کے تحت بھی ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ آفتاب آحمد خان شیرپاوکا واقعے کی مذمت
دریں اثنا سابق وزیر اعلی و وزیر داخلہ آفتاب آحمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ چترال، جو کبھی پاکستان کا سب سے پرامن، خوبصورت، اور باوقار ضلع سمجھا جاتا تھا، آج بدقسمتی سے مسلسل نظرانداز کئے جانے، ترقیاتی کاموں میں تاخیر، اور ماحولیاتی تباہی کی زد میں ہے۔
ریاستی اداروں کی مسلسل غفلت اور عدم توجہی نے عوام کے صبر کے پیمانے کو لبریز کردیا ہے۔ آج ہر چھوٹا بڑا اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر ہے۔
بونی، تورکہو اور دیگر شاہراوں کی تعمیر میں تاخیر مجرمانہ غفلت ہے جس کی بنا پر عوام ذہنی کرب اور معاشی نقصان سے دوچار ہیں۔
میں نے گزشتہ دنوں بھی بونی-مستوج-شندور روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر آواز اُٹھائی آج بھی چترال کے عوام کے حقوق کی فراہمی کے لیے ہر فورم پر آواز اُٹھاتا رہوں گا۔
چترال کے ترقیاتی منصوبے فوری مکمل کئے جائیں اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں پر مقدمات درج کرنے کی
بجائے ان کی مشکلات کو کم کیا جائے

