
ہندارپ جھیل، قدرت کی سناعی کا شاہکار – تحریر: کریم علی شاہ
ہندارپ جھیل، قدرت کی سناعی کا شاہکار – تحریر: کریم علی شاہ
گلگت بلتستان کی حسین وادی غذر ہندارپ میں واقع نیلگوں جھیل “ہندارپ لیک” کو اٹلس کنزرویشن اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے مچھلیوں کے شکار کے لیے باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مقامی رہنماؤں، سرکاری افسران، ملک بھر سے آئے ہوئے ماہی گیروں اور فطرت سے محبت کرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اے سی اے ڈی او کی جانب سے جاری کردہ لائسنس کی فیس 10,000 روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں سے 80 فیصد رقم براہِ راست مقامی کمیونٹی کو دی جائے گی تاکہ علاقے میں فلاح و بہبود، تعلیم، صفائی اور روزگار کے شعبوں میں بہتری لائی جا سکے، جبکہ باقی 20 فیصد حصہ سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔
ہندارپ جھیل بلند و بالا برف پوش پہاڑوں کے درمیان واقع قدرت کا ایک حسین شاہکار ہے، جہاں صاف شفاف پانی، پرسکون فضاء، اور دلکش مناظر ہر آنے والے کو مسحور کر دیتے ہیں۔ یہاں کا ماحول نہ صرف نایاب ٹراوٹ مچھلی کی افزائش کے لیے موزوں ہے بلکہ جڑی بوٹیوں، پرندوں، اور دیگر جنگلی حیات کی کئی اقسام بھی پائی جاتی ہیں، جو اس علاقے کو حیاتیاتی تنوع کا مرکز بناتی ہیں۔اے سی اے ڈی اونے اس جھیل کو”کنزرویشن زون” قرار دے کر ماحولیاتی تحفظ کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ یہ اقدام غیر قانونی شکار کی روک تھام، آلودگی کے خلاف عملی اقدام، اور قدرتی وسائل کی پائیدار بحالی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ہندارپ جھیل نہ صرف ایک قدرتی عجوبہ ہے بلکہ سیاحت کے فروغ کے لیے ایک سنہری موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ یہاں خیمہ زنی، ہائیکنگ، فوٹوگرافی، اور ماہی گیری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جن سے ملکی اور بین الاقوامی سیاح بھرپور لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے، ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور علاقے کی ثقافت و روایات کو بھی عالمی سطح پر روشناس کرایا جا سکے گا۔ہم پورے ملک اور دنیابھر کے سیاحوں، محققین، ماہرین ماحولیات اور فطرت سے محبت کرنے والوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہندارپ کا رخ کریں، یہاں کی قدرتی خوبصورتی، مہمان نوازی اور پرامن فضا سے لطف اندوز ہوں۔ حکومت گلگت بلتستان اوراے سی اے ڈی او کی جانب سے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار تجربہ حاصل ہو۔اس موقع پر ہم تمام سیاحوں، شکاریوں اور مقامی و غیر مقامی مہمانوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس قدرتی حسن کی حفاظت کریں، جھیل اور اس کے اطراف کو صاف ستھرا رکھیں، پلاسٹک اور کچرا مخصوص جگہوں پر تلف کریں، اور مقامی تہذیب و تمدن کا احترام کریں۔
یاد رکھیں، صاف ماحول صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔اے سی اے ڈی او 1998 سے ہندارپ کے قدرتی وسائل کے تحفظ اور مقامی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اس ادارے کی بنیاد محترم مرحوم صوبیدار مرزا خان اور جناب عبدالعزیز نے رکھی، جنہوں نے اپنی شب و روز کی محنت، عزم اور اخلاص سے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کیا۔ مرحوم صوبیدار مرزا خان کو ادارے کے پہلے صدر اور جناب عبدالعزیز کو پہلے جنرل سیکریٹری ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی قیادت اور وژن کے باعث آج ہندارپ صرف ایک جھیل نہیں، بلکہ ایک محفوظ ماحولیاتی، سیاحتی اور سماجی ترقی کا نمونہ بن چکا ہے۔آئیے ہم سب مل کر ہندارپ کو ایک ماحولیاتی، سیاحتی، اور ثقافتی کامیابی کی علامت بنائیں، جہاں فطرت، انسان اور ترقی ایک ساتھ آگے بڑھیں۔