Chitral Times

Feb 9, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہز ہائنس پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی وفات

شیئر کریں:

ہز ہائنس پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی وفات

 

لزبن، پرتگال(چترال ٹائمزرپورٹ) اسماعیلی امامت کا دیوان نہایت ہی دکھ کے ساتھ، یہ اعلان کرتا ہے کہ شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے 49ویں موروثی امام (روحانی پیشوا) اور آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے بانی و چیئرمین، ہز ہائنس پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم، 88 سال کی عمر میں پرتگال کے شہر لزبن میں پرسکون طور پر انتقال کر گئے۔ اس وقت ان کے اہلِ خانہ ان کے ساتھ موجود تھے۔

 

پرنس کریم آغا خان، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بیٹی حضرت فاطمہ الزہرا اور رسول اکرمؐ کے چچا زاد بھائی و داماد، اسلام کے چوتھے خلیفۂ راشد اور پہلے شیعہ امام، حضرت علی علیہ السلام کے ذریعے پیغمبر اکرمؐ کی براہِ راست نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ شہزادہ علی خان اور بیگم جون یارڈ بلر کے سب سے بڑے صاحبزادے، اور مرحوم سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے پوتے و جانشین تھے۔

 

ہز ہائنس آغا خان چہارم نے اپنی تمام زندگی اس حقیقت کو اجاگر کرنے میں گزاری کہ اسلام محض ایک مذہب ہی نہیں بلکہ ایک فکری و روحانی عقیدہ بھی ہے، جو ہمدردی، رواداری، اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی اپنی کمیونٹی اور ان ممالک کی عوام کی بہتری کے لیے وقف کر دی، جہاں اسماعیلی مسلمان بستے ہیں، قطع نظر ان کے نسلی، جنسی، یا مذہبی پس منظر کے۔

 

انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے نجی بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کی بنیاد رکھی اور اس کی قیادت کی، جو دنیا کے سب سے دشواراور پسماندہ علاقوں میں کمیونٹیز کی خدمت کرتا ہے۔ عالمی سطح پر انہیں ایک مدبر رہنما، امن کے داعی، اور انسانی ترقی کے علمبردار کے طور پر احترام حاصل تھا۔

 

پریس ریلیز کے مطابق پچاسویں امام کی نامزدگی ہو چکی ہے، اورآنے والے دنوں میں ہز ہائنس کی وصیت پڑھے جانے کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ تدفین کے انتظامات کے بارے میں معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
98834