گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ممبر نیشنل ہائی ویز (نارتھ زون) کی ملاقات ، چکدرہ سے چترال روڈ، سوات ایکسپریس وے سمیت دیگرمنصوبوں پر بریفنگ
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ممبر نیشنل ہائی ویز(نارتھ زون) خیبر پختونخوا امجد علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں خیبر پختونخوا میں این ایچ اے منصوبوں، روڈ انفرااسٹرکچر کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ممبر این ایچ اے نے صوبہ میں جاری منصوبوں کیلئے درکار فنڈز اور وفاق کیساتھ جڑے معاملات کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنیکی درخواست کی۔ گورنر کو پشاور ڈی آئی خان موٹر وے، چکدرہ سے چترال روڈ، سوات ایکسپریس وے سمیت واخان کوریڈور، ڈی آئی خان سے کشمور روڈ پر کام کی رفتار سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔گورنر نے صوبہ میں سیاحت کی ترقی اور نقل و حرکت کو آسان بنانے کیلئے زمینی سفری سہولیات کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ممبر این ایچ اے کو پی ایس ڈی پی میں صوبہ کے روڈز انفرااسٹرکچر کے نئے منصوبے شامل کرنے سے متعلق تجاویز پیش کرنیکی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے انتہائی اہمیت کی حامل پشاور سے ڈی آئی خان مرکزی شاہراہ انڈس ہائی وے کی تعمیر نو منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ آبادی کے لحاظ سے صوبہ کے مرکزی شاہراہوں پر اقتصادی زونز قائم ہونے چاہئیں۔بہترین سفری سہولیات اور بہترین روڈ انفرااسٹرکچر سے امن، ترقی و خوشحالی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ گورنرنے کہاکہ آمدورفت، نقل و حرکت کو موثر بنانے والے ممالک نے دنیا میں نام پیدا کیا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کے متعدد مرکزی راستے عدم سہولیات کا شکار ہیں۔خیبر پختونخوا کی پسماندگی دور کرنے، دہشت گردی کے خاتمے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صوبہ بالخصوص جنوبی اضلاع کے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین ون مین کمیشن ڈاکٹرشعیب سڈل کی ملاقات
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین ون مین کمیشن ڈاکٹرشعیب سڈل نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں خیبر پختونخوا میں مقیم اقلیتوں کے حقوق، بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں پشاور چرچ دھماکہ سے متعلق ون مین کمیشن کی رپورٹ اور متاثرین دھماکہ کے امدادی پیکج سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں اقلیتوں کے لئے 5 فیصد کوٹہ، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر چیئرمین کمیشن نے گورنر کو بتایاکہ سرکاری محکموں میں اقلیتوں کے کوٹہ میں 40 ہزار کے قریب خالی آسامیوں میں سے کمیشن کی کوششوں سے 20 ہزار بھرتیاں کر لی گئی ہیں،اقلیتوں کیلئے 200 آسامیوں کیلئے خصوصی طور پر مقابلے کا امتحان منعقد کرایا گیا۔
انہوں نے بتایاکہ متروکہ وقف املاک کی 42 ملین روپے کی اراضی ریکوری کر کے محکمہ اوقاف کے حوالے کی گئی، پاکستان میں اقلیتوں سے متعلق تمام کمیشنز اقوام متحدہ سے رجسٹرڈ نہیں ہے جس سے ووٹ کا حق حاصل نہیں ہوتا۔انہوں نے بتایاکہ خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت ملک بھر میں اقلیتوں کی کمیونٹی مہارت کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی کاکہناتھاکہ ایڈورڈز کالج کے بورڈ آف گورنرز، فیکلٹی سمیت مالی و انتظامی امور میں واضح تبدیلی لا رہے ہیں،اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کا تحفظ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ سے اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ گورنر کا منصب سنبھالتے ہی صوبہ کی تمام اقلیتوں کے مذہبی مقامات کا دورہ کیا اور سب کے ساتھ مل بیٹھا ہوں،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیوں کو آئین کے مطابق مذہبی و شخصی آزادی حاصل ہے، مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی ملک و قوم کیلئے خدمات کے معترف ہیں۔گورنرنے کہاکہ خیبر پختونخوا میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود کیلئے ون مین کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملہ کی مذمت
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد کی شہادت پر عقیدت کااظہارکیاہے۔انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔ انہوں نے کہاہے کہ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے،حملہ میں شہید افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔