
گورنرحاجی غلام علی کی زیر صدارت تاریخی ایڈوڈرزکالج کے حوالے سے مشاورتی اجلاس
گورنرحاجی غلام علی کی زیر صدارت تاریخی ایڈوڈرزکالج کے حوالے سے مشاورتی اجلاس
اجلاس میں نگران صوبائی وزیرتعلیم جسٹس(ر) ارشاد قیصر، نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ، بشپ ہمفری سرفراز پیٹر اوردیگر متعلقہ حکام کی شرکت
اجلاس میں مشاورتی عمل مکمل کرنے کیلئے 8 اگست کو بورڈ آف گورنرز کااجلاس طلب کرنے کا فیصلہ
طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تاریخی ایڈورڈز کالج کے ایشوز مستقل طور پر حل کرنا اپنا فرض سجھتاہوں، گورنر حاجی غلام علی
پشاور (چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی زیر صدارت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں تاریخی ایڈوڈرزکالج کے حوالے سے منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیرتعلیم جسٹس(ر) ارشاد قیصر، نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ، بشپ ڈائیوسیس آف پشاور بشپ ہمفری سرفراز پیٹر، لیگل ایڈوائزر اسحاق علی قاضی، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ارشاد مظہر اوردیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈورڈز کالج میں تعلیم کی بہتری سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگوکی گئی۔ اجلاس میں کالج کی ایگزیکٹیو کمیٹی کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا، اجلاس میں 8 اگست کو بورڈ آف گورنرز کااجلاس طلب کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاتاکہ مشاورتی عمل مکمل کیاجاسکے۔ اجلاس میں ایڈورڈز کالج کی عمارت کی تعمیر پرتفصیلی غورہوا جس کا نقشہ کینٹونمنٹ بورڈ سے پاس ہوچکاہے۔بلڈنگ کو تاریخی حیثیت میں تعمیرکرنے کیلے کنسٹرکشن کمیٹی کی تشکیل پر بھی غور ہوااور یہ فیصلہ کیاگیاکہ کمیٹی میں دیگر ناموں کے ساتھ دو تعمیراتی ماہرین کے نام بھی تجویز کئے جائیں۔ اجلاس میں ایڈورڈز کالج کو یونیورسٹی بنانے پر بھی تفصیلی غورکیاگیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ایڈورڈز کالج صوبہ کی تاریخی تعلیمی درسگاہ ہے، اس ادارہ کو ایڈورڈز کالج سے ایڈورڈز یونیورسٹی بنائیں گے اور اس ادارے کو مزید مضبوط اور فعال بنائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ اس ادارے کو یونیورسٹی کا درجہ دینا نہ صرف اس ادارے بلکہ صوبہ اور عوام کیلئے بڑی خوشخبری ہوگی جس کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورڈز کالج کی معیاری تعلیم کی فراہمی میں تعلیمی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی تعلیمی ادارے میں پڑھنے والے طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے کالج کے مسائل ومشکلات کو مستقل طور پر حل کرنااپنا فرض سمجھتاہوں۔ کالج کی تعلیمی معیار کو بحال کرنے کیلئے سب کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی کہ معیاری تعلیم کے فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا اور اس ضمن میں تمام تروسائل کو بروئے کار لایاجائیگا۔ میری خواہش ہے کہ چرچ،کمیونٹی اور دیگرمتعلقہ حکام ملکراس ادارے کی ترقی کیلئے کام کریں۔
اس موقع بشپ ڈائیوسیس آف پشاور بشپ ہمفری سرفراز پیٹر نے تاریخی ادارے اور چرچ کے مسائل ومشکلات کے حل میں بھرپور دلچسپی لینے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اورانہیں خراج تحسین پیش کیاانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ملکر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کریں گے اور کہاکہ کمیونٹی ہمیشہ کی طرح کالج کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے بتایاکہ عدالت کی جانب سے جو فیصلہ آیاہے اس کے خلاف قانون کے مطابق ریویو میں گئے ہیں، اپنے تحفظات عدالت کے سامنے رکھیں گے اور جو بھی فیصلہ آئیگا اس پر من و عن عملدرآمد کیاجائیگا۔ بشپ کی جانب سے تجویز دی گئی کہ کمیونٹی کے سرکردہ مشران اور چرچ سے وابستہ مشران کاایک اجلاس بھی بلایاجائے تاکہ اس حوالے سے کمیونٹی کی رائے بھی لی جائے جس پر اتفاق کیاگیا اورفیصلہ کیاگیا کہ بہت جلد یہ اجلاس بلایاجائیگا۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا گورنر حاجی غلام علی کو ٹیلی فون
باجوڑ دھماکہ میں بیگناہ قیمتی انسانی جانوں کی ضیاع پر اظہار افسوس و تعزیت، غمزدہ دہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی
پشاور (چترال ٹایمزرپورٹ ) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ضم ضلع باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن کے دوران خودکش حملہ میں بیگناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور تعزیت کااظہارکیاہے۔ صدر مملکت نے باجوڑ دھماکہ کے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اورکہاہے کہ باجوڑ دھماکہ کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔گورنرنے باجوڑ دھماکہ کے متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔