گرم چشمہ کے عوام کی مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی چترال لوئر مظاہرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایک عوامی تحریک کا آغاز کرے گی، وجیہ الدین امیر جماعت اسلامی
گرم چشمہ کے عوام کی مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی چترال لوئر مظاہرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایک عوامی تحریک کا آغاز کرے گی، وجیہ الدین امیر جماعت اسلامی
چترال ( چترال ٹائمزرپورٹ ) امیر جماعت اسلامی چترال لوئر، وجیہ الدین نے لواری ٹنل سے لیکر شندور تک اور خصوصاً گرم چشمہ روڈ اور دیگر این ایچ اے کے زیر انتظام روڈوں کی ناقص تعمیرات اور خستہ حالی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان سڑکوں کی بدترین حالت نے نہ صرف عوام کو اذیت اور تکالیف میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ عوام کے قیمتی وسائل کو بھی ضائع کیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر گرم چشمہ، جو ایک معروف سیاحتی مقام ہے، وہاں کی سڑکوں کی زبوں حالی قابل افسوس ہے۔
ایک اخباری بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ یہ امر ناقابل قبول ہے کہ عوامی فنڈز کو چند مخصوص اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بے دردی سے ضائع کیا جائے اور فنڈز میں بے ضابطگیاں روا رکھی جائیں۔ گرم چشمہ کی سڑکوں کی فوری مرمت، پلوں کی تعمیر اور کلوٹ کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انھوں نے این ایچ اے کے متعلقہ حکام سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دی جائے اور عوام کے حق میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اگر ان مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی چترال لوئر گرم چشمہ کے مظاہرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایک عوامی تحریک کا آغاز کرے گی، اور اس ناانصافی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔