کینیڈا کے وزیر برائے عالمی ترقی، ہرجیت سجن کا چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
کینیڈا کے وزیر برائے عالمی ترقی، ہرجیت سجن کا چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
چترال(نمایندہ چترال ٹایمز ) کینیڈا کے وزیر برائے عالمی ترقی، عزت مآب، ہرجیت سنگھ سجن نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔آج انہوں نے صوبہ خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ ضلع چترال کا دورہ کیا۔اس موقع پر کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان، محترمہ وینڈ ی کرسٹین گلمور، کینیڈا کی رْکن پارلیمنٹ محترمہ اقرا ء خالد،اسماعیلی کونسل برائے پاکستان کے صدر، جناب حافظ شیر علی اور آغا خان فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، جناب اختر اقبال بھی اْن کے ہمراہ تھے۔محترم وزیر، ہرجیت سجن نے چترال میں آباد کمیونٹیز سے بات چیت کی اور سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں جلد بحالی کے لیے آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی کوششوں کا مشاہدہ کیا۔
دی آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH)، جو AKDN کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسپانس کی قیادت کر رہی ہے،نے سیلاب کی ابتداء سے اب تک، متاثرہ علاقوں سے 9,000سے زائد افراد کو کامیابی کے ساتھ محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے اور 4,000 سے زائد خاندانوں کو فوڈ پیکیجز فراہم کر چکی ہے۔ آغا خان یونیورسٹی اور آغا خان ہیلتھ سروس کی جانب سے بھی سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور
گلگت – بلتستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہیلتھ کیئر کیمپس بھی لگائے جہاں 50,000 سے زائدمریضوں کا علاج کیا گیا۔
کینیڈا کے وزیر نے چترال میں واقع گاؤں، بریپ (Brep) کا بھی دورہ کیا جہاں اْنھوں نے موسمی تبدیلی کے خلاف مزاحمت، نوجوانوں کے لیے روزگار اور ویمن امپاورمنٹ کے بارے میں بات چیت کی۔اْنھوں نے اْن علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں گلوبل افیئرز کینیڈا کے تعاون سے، AKDNکے ادارے،براڈکاسٹنگ اکنامک اینڈ سوشل ٹرانسفارمیشن فار ویمنز اکنامک امپاورمنٹ اینڈ ریکوری (BEST4WEER)، فاؤنڈیشن فار ہیلتھ اینڈ امپاورمنٹ (F4HE) اور صحتمند خاندان (SMK) جیسے پروگرام چلا رہے ہیں۔ یہ پروگرام خواتین کو بااختیار بنانے اور صحت اور تندرستی کو بہتر بنانے اور خواتین لرکیوں، ان کے خاندانوں اور ان کی برادریوں کی مساوی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔
تقریباً چار دہائیوں سے، AKDN نے حکومت کینیڈا کے اشتراک سے، دیہی ترقی کے پروگراموں، نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم، اور ویمن امپاورمنٹ جیسے متعدد اقدامات لیے ہیں، جن کا مقصد غیر محفوظ کمیونٹیز میں معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ کینیڈا نے اس مشکل وقت میں بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملک میں کی جانے والی حکومت کی جانب سے کی گئی ریلیف سرگرمیوں کی کوششوں میں مدد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔