کالاش قبیلے کا اوچال تہوار 22 اگست کو بمبوریت اور رمبور میں منایا جائیگا، تیاریاں مکمل، کے وی ڈی اے کیطرف سے سیاحوں اور قبیلے کے لوگوں کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات
چترال (نمایندہ چترال ٹائمز ) کالاش قبیلے کا معروف تہوار اوچال بمبوریت اور رمبور کی وادیوں میں 22 اگست کو اختتام پذیر ہوگا جو گرمائی چراگاہوں میں جمع شدہ مال مویشیوں کے دودھ سے بنی اشیاء کی گاؤں منتقلی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ اس فیسٹول میں بڑی تعداد میں ہر سال غیر ملکی سیاح شر کت کرتے ہیں، اور امسال بھی بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح چترال اور کالاش وادیوں میں پہنچ چکے ہیں، اور ملکی سیاحوں کی بھی کافی تعداد فیسٹول میں شرکت کیلئے پہنچ چکے ہیں۔
دریں اثنا، کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کالاش کمیونٹی کو اپنی رسومات ادا کرنے اور اس موقع پر وادیوں میں آنے والے سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔کے وی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل منہاس الدین نے میڈیا کو بتایا کہ میلے کے آغاز سے پہلے کالاش عمائدین کے ساتھ مشاورت کے بعد ادارے نے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ اور ہر ممکن سہولت مہیا کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اوچال تہوار صرف بمبوریت اور رمبورمیں منایا جاتا ہے جبکہ بریر وادی میں اوچال کی بجائے پوڑ کا تہوار منایا جاتا ہے۔


