Chitral Times

Mar 21, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی مالی امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی مالی امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس

پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ خزانہ کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مالی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جس میں بجٹ منصوبہ بندی، فنڈز کی تقسیم اور مختلف شعبوں میں اخراجات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری کو اہم منصوبوں اور فلیگ شپ اقدامات کے لیے مختص بجٹ اور اس کے استعمال پر بریفنگ دی گئی۔ تنخواہوں اور پنشن کے تخمینے سمیت مجموعی مالی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

 

چیف سیکرٹری نے آئندہ بجٹ کی پیشگی تیاری پر زور دیتے ہوئے تمام سیکرٹریز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں کے مالی تقاضوں کا باریک بینی سے تجزیہ کریں۔ اجلاس میں گورننس اور مالیاتی انتظامی اصلاحات کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا، جس میں شفافیت، ڈیجیٹائزیشن اور پراسیس آٹومیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے دو سالہ روٹیشن پالیسی نافذ کی جائے گی۔ حکام نے اجلاس میں اہم مالی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فنانس بل میں 50 سے زائد ریونیو اصلاحات متعارف کروائی گئیں، جس کے نتیجے میں صوبائی آمدن میں 14 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 25-2024 کی پہلی ششماہی میں 90.7 فیصد ریونیو اہداف حاصل کیے گئے، جو گزشتہ سال کی 66 فیصد کارکردگی سے کہیں زیادہ ہیں۔

 

اسی طرح، معدنیات کی رائلٹی میں 200 فیصد اضافہ ہوا، اور اس میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ صوبائی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدن کا تخمینہ 100 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا، جبکہ کان کنی اور معدنیات کے شعبے سے 5.4 ارب روپے کی رائلٹی حاصل کی گئی۔اجلاس میں حکومت کے مؤثر مالیاتی نظم و نسق اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر مالیاتی امور سے متعلق فیصلوں کو مظبوط بنانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور اسٹرکچرل اصلاحات کو فروغ دینے کی کوششوں کی بھی توثیق کی گئی۔

 

خیبر پختونخوا حکومت اپنی ایک سالہ کارکردگی میں تمام صوبوں پر سبقت لے گئی ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی مریم نواز کی طرح محض تصویری نمائش تک محدود نہیں، خیبر پختونخوا حکومت نے مریم نواز کی 150 تصاویر کے مقابلے میں 625 ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے، مریم نواز صرف اخبارات میں اپنی تصاویر شائع کروانے کو کارکردگی سمجھتی ہیں،خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی کو کتابی شکل میں شائع کیاہے اس کتاب میں ایک سال کے دوران 25 مختلف شعبوں کے 25 نمایاں منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہاکہ ایک سال میں، علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے 625 منصوبے شروع کیے ہیں مریم نواز اپنی ذاتی تشہیر سے نکل کروزیر اعلی خیبر پختونخوا کی طرح عوامی فلاح کا سوچیں،فارم 45 اور فارم 47 کے وزیراعلی میں یہی فرق ہوتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ علی آمین خان گنڈاپور حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں،

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99785