Chitral Times

Mar 15, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس، اینرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کے تحت اقدامات کا جائزہ لیا گیا

Posted on
شیئر کریں:

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس، اینرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کے تحت اقدامات کا جائزہ لیا گیا

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، شہاب علی شاہ کی زیر صدارت جمعہ کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی توانائی کی ضروریات اور بجلی کے پیداواری اور مالی امور اور خام تیل کی پیداوار سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں توانائی کے منصوبوں کی پیش رفت، صوبے کے مالی واجبات، اور مشترکہ مفادات کونسل (CCI) میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری اینرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ، پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران حکام نے صوبے کے واجب الادا بقایاجات، جاری پن بجلی منصوبوں اور بجلی اور تیل کی پیداوار سے متعلق ایسے قانونی امور پر تفصیلی بریفنگ دی جو وفاقی سطح پر توجہ کے متقاضی ہیں۔

 

اجلاس میں بعض اہم معاملات کو ”آؤٹ آف باکس کمیٹی” میں پیش کرنے پر بھی غور کیا گیا، جن میں واپڈا کے پن بجلی گھروں کی خیبرپختونخوا کو منتقلی، واپڈا کے بجلی کے منصوبوں کی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے مالی معاونت، اور بجلی کے ٹیرف کے حوالے سے دوسرے عبوری انتظامات کے اعلان جیسے امور شامل تھے۔ مزید برآں، اجلاس میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے آئینی حقوق پر خصوصی توجہ دی گئی، جن کا تعلق آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 154، 158، 161 (1) (a)، 161 (1) (b) اور 172 (3) سے ہے۔ اس کے علاوہ، پٹرولیم پالیسی 2012، اور خام تیل پر وفاقی ایکسائز ڈیوٹی اور ونڈ فال لیوی جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے محکمہ توانائی و برقیات کے حکام کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے آئینی حقوق کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے جامع اور مؤثر تجاویز اور سفارشات مرتب کریں جنہیں وفاقی اداروں اور متعلقہ فورمز کو بھیجے جاسکیں۔

 

 

خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد پانچ ہوگئی

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال 2025 میں صوبے میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں ایک 42 سالہ شخص اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہیں، جن کا تعلق پشاور سے ہے۔محکمہ صحت کے مطابق 20 سالہ نوجوان کا کیس مقامی سطح پر رپورٹ ہوا ہے، جبکہ 42 سالہ متاثرہ شخص گزشتہ سال سعودی عرب سے آیا تھا۔ دونوں مریض خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں علاج کے لیے گئے تھے، جہاں شک کی بنیاد پر ان کے ٹیسٹ کیے گئے، جو آج مثبت آئے۔مشیر برائے صحت احتشام علی کے مطابق دونوں مریضوں کو گھروں میں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی طبیعت تسلی بخش ہے۔ مزید برآں، متاثرہ مریضوں کے گھروں میں کسی اور فرد میں ایم پاکس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔محکمہ صحت عوام کو ہدایت کرتی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی صحت مرکز سے رجوع کریں، اور غیر ضروری میل جول سے گریز کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99883