چترال کے اساتذہ کا حالیہ سردی کے موسم میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے انڈکشن پروگرام کو مسترد کرتے ہوئے اسے کسی مناسب وقت پر دوبارہ شیڈول کرنے کا مطالبہ
چترال کے اساتذہ کا حالیہ سردی کے موسم میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے انڈکشن پروگرام کو مسترد کرتے ہوئے اسے کسی مناسب وقت پر دوبارہ شیڈول کرنے کا مطالبہ
چترال( نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے حالیہ سردی کے موسم میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے انڈکشن پروگرام کو مسترد کرتے ہوئے اسے کسی مناسب وقت پر دوبارہ شیڈول کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔ پیر کے روز نثار احمد صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال غلام اسحاق ، عبدالحمید خان وغیرہ نے چترال پریس کلب کے سامنے احتجاجی اساتذہ کی نمایندگی کرتے ہوئے کہا کہ ہم انڈکشن کے بالکل مخالف نہیں ہیں ۔ لیکن انڈکشن کیلئے جس وقت کا ا نتخاب کیا گیا ہے ۔ وہ بالکل نامناسب ہے ۔ چترال اپر اورلوئر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، ٹریننگ کے مقامات پر سہولیات کا فقدان ہے ۔ آمدورفت کیلئے سڑکوں کی حالت انتہائی مخدوش ہیں ۔ ایسے میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے چترال جیسے سرد علاقے میں انڈکشن کا فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا ۔ انڈکشن کیلئے گرم موسم شیڈول کیا جائے ۔ خواتین ٹیچرز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ان کے ساتھ بچے ہیں ۔ اور حکومت بچوں کو سردی سے بچانے کیلئے دو مہینے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کرتی ہے ۔ اب انڈکشن کی صورت میں بچوں کو موسمی حالات سے بچانا ممکن نہیں ہوگا ۔ اس لئے حکومت اس پروگرام کو اگلے گرمیوں تک موخر کرے ۔ انہوں نے اس پروگرام کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ۔ اور انڈکشن پروگرام نامنظور کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر انڈکشن نامنظور کے نعروں پر مشتمل پلے کارڈ بھی مظاہرین ٹیچرز نے اٹھا رکھے تھے ۔