چترال پریس کلب کا ہنگامی اجلاس، نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی حسن زیب کی قتل پر افسوس کا اظہار، حکومت سے ملزمان کی جلدگرفتاری اور کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال پریس کلب کا ہنگامی اجلاس چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پبی نوشہر ہ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اور روزنامہ آج کے رپورٹر حسن زیب کو نامعلوم افراد کے ہاتھوں فائرنگ کرکے قتل کرنے پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں کی جان ومال اور آبرو کی حفاظت کو یقینی بنائی جائے۔ اور حسن زیب کے قاتلوں کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ صدر ظہیرا لدین نے کہاکہ اس سال صوبے کے مختلف علاقوں میں صحافیوں کی ٹارگٹ کیلنگ کا سلسلہ نہایت افسوسناک ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور صحافیوں کی تحفظ کے لئے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا چاہئے تاکہ وہ آزادانہ ماحول میں اپنے فرائض منصبی ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید حسن زیب کا خون رائیگان ہرگز نہیں جائے گا جس نے مرتے تک آزاد ی صحافت کے لئے جدوجہد کرتے رہے اور کسی سے دباؤ قبول کئے بغیر آواز حق بلندکرتے رہے اور خیبر پختونخوا کے صحافی ان کے خون کی ایک ایک قطرے کا حساب لے کر رہیں گے۔ اجلاس میں شہید صحافی حسن زیب کے اہل خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے روح کی ایصال ثواب اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعائیں مانگی گئی۔