
چترال اپر اور لوئیر کے بالائی علاقوں میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند، ندی نالوں میں طغیانی، متعدد مقامات پرفصلوں کو نقصان، تریچ میں برفانی تودہ گرنے سے نشیبی علاقے متاثر، پرسان میں چھ فٹ تک برف جمع
چترال اپر اور لوئیر کے بالائی علاقوں میں برفباری جاری، سردی دوبارہ لوٹ آئی، رابطہ سڑکیں بند، ندی نالوں میں طغیانی، متعدد مقامات پرفصلوں کو نقصان، تریچ میں برفانی تودہ گرنے سے نشیبی علاقے متاثر، پرسان میں چھ فٹ تک برف جمع
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گزشتہ تین دنوں سے اپرچترال اور لوئیر چترال کے بالائی علاقوں گرم چشمہ، کریم آباد، پرسان، مدک لشٹ ودیگر مقامات پر برفباری جاری ہے، جس کے باعث مختلف رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئے ہیں، بونی مستوج روڈ بونی پل کے قریب لینڈ سلائڈنگ کے باعث ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے، جس کے باعث بونی سے مستوج ، لاسپور اور یارخون ویلی جانے والے مسافر مشکلات کا شکار ہیں، مسافروں کے مطابق سڑک آج صبح سے بند ہے، جبکہ این ایچ اے حکام غائب اور ٹیلی فون اُٹھانے سے بھی قاصر ہیں، جبکہ انتظامیہ کی طرف سے ایک ٹریکٹر سڑک کھولنے کیلئے لگادی گئی ہے جو کچوے کی رفتار سے چالو ہے، مسافروں سے ضلعی انتظامیہ سے سڑک فوری کھولنے کا مطالبہ کیا ہے،
تین دنوں کی بارشوں سے چترال کے متعدد ندی نالے بھی بپھر گئے ہیں ، جو سیلابی صورت اختیار کرکے نشیبی علاقوں میں فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچانے کے اطلاعات موصول ہوئے ہیں جبکہ برفباری سے بھی فصلیں بھی متاثرہونے کے ساتھ خوبانی کے پھولوں کو بھی نقصان پہنچ چکا ہے، اپرچترال کے دورآفتادہ علاقہ پرسنگ تریچ بالا میں برفانی تودہ گرنے سے فصلوں، ایریگیشن چینلز اور رابطہ سڑکوں کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، برفانی تودہ آج گرنے سے بعض کھیت دب گئے اور پانی کی گزرگاہیں متاثر ہوئیں، جس سے مقامی زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تودہ گرنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ کچھ گھروں کے قریب برف کے بڑے تودے جمع ہونے سے روزمرہ زندگی متاثر ہوئی۔مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت راستے کھولنے اور متاثرہ زمینوں کو بحال کرنے میں مصروف ہیں۔
اسی طرح لوئیر چترال کے پرسان، کریم آباد (تحصیل لوٹکوہ) میں شدید برف باری نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے جاری برف باری کے باعث علاقے میں چھ فٹ تک برف جمع ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں اور آمد و رفت میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی آبادی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ اشیائے خورونوش اور طبی سہولیات تک رسائی بھی مشکل ہو گئی ہے۔
علاقے کے مکین امداد کے منتظر ہیں اور حکام سے اپیل کر رہے ہیں کہ جلد از جلد سڑکوں کی بحالی پر. کام شروع کریں تاکہ ضروری سامان کی فراہمی میں تعطل نہ ہو اور روزمرہ کی مشکلات کم ہو سکیں۔
بار ش اور برف باری سے چترال میں سردی دو بارہ لوٹ آئی ہے۔ چترال کو گلگت سے ملانے والی سڑک شندور کے مقام پر برفباری کے باعث دوبارہ بند ہوگئی ہے،لواری ٹنل اپروچ روڈ پر بھی برفباری ہوئی تاہم ٹریفک رواں دواں ہے ، بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہنے کے پشنگوئی کی گئی ہے۔
شندور پاس روڈ
تریچ بالا
کھوت بالا
پرسان کریم آباد
پرسان کریم آباد
پرسان کریم آباد