پشاور میں ایک اورچترالی نوجوان ڈاکوں کے ہاتھوں قتل ، چترالی کمیونٹی سراپا احتجاج، روڈ بلاک کرکے بھرپور احتجاج کیا گیا
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) پشاور ناصر باغ میں رہایش پذیر کوشت اپر چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان عبدلسلام ولد گلاب خان جن کو ناصر باغ روڈ پر واقع چترال کالونی میں نامعلوم ڈاکووں نے دوران ڈکیتی گولی مار کر قتل کردیا تھا, بعد ازاں اہالیان چترال کالونی نے اس بیہمانہ قتل اور پولیس کی مبینہ غفلت کے خلاف روڈ بلاک کرکے مظاہرہ کیا.واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے موقع پر پہنچ کر پولیس کے اعلی حکام کے ساتھ میٹنگ کی. پولیس افسران نے ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کو اس اندوہناک واقعہ کی ہر زاویے پر تفتیش کرنے اور ملزمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا یقین دلایا اور کہا کہ خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس واقعہ پر تفتیش کررہی ہے اور جلد ہی انکو مکمل رپورٹ پیش کردی جایگی. ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے پولیس کے حکام کو ہدایات دی کہ پولیس مکمل طور پر غیر جانبدار ہوکر پروفیشنل طریقے سے اس کیس کی تفتیش کرے. انہوں نے کہا کہ چترالی عوام ایک پرامن قوم ہے اور کسی بھی قسم کے غیر قانونی کاموں سے کوئی تعلق نہی رکھتے.
انہوں نے جائے وقوع پر جاکر لوگوں سے ملاقات کی اور وہاں مقیم چترال کے باشندوں کو یقین دلایا کہ ان کے گھر اور دفتر کے دروازے ہمہ وقت ان کے لیے کھلے ہیں. ان کے جتنے بھی مسائل ہیں انکو بروقت اور ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جایگی.
پولیس زرائع کے مطابق تھانہ ناصر باغ کی حدود چترالی کالونی عسکری 6 ناصر باغ میں کسی نامعلوم ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر فائرنگ کرکے عبدالسلام ولد گلاب خان سکنہ چترال حال چترالی کالونی عسکری 6 ناصر باغ کو قتل کردیا ہے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دیا گیا ۔واقعہ سے مطابق مقتول کے چچا زاد بھائی محمد ماصل ولد محمد ولی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ،جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھا کرکے اصل حقائق جاننے کیلئے اور ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ یادرہے کہ مقتول پشاور صدر میں ایک سونار کی دکان میں ملازم تھے۔
مقتول، عبدالسلام کی فائل فوٹو