Chitral Times

Apr 22, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاک ایران کشیدگی؛ خفیہ ادارے نے اسلام آباد میں دہشتگردی کا الرٹ جاری کردیا

شیئر کریں:

پاک ایران کشیدگی؛ خفیہ ادارے نے اسلام آباد میں دہشتگردی کا الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال کے تناظر میں خفیہ ادارے کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔انٹیلی جنس اداروں نے پاک ایران بارڈر پر کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں دہشت گردی و بلوچ کمیونٹی کے احتجاجی کیمپوں سمیت پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے کو نشانہ بنائے جانے کے خدشے کی اطلاعات کی بنیاد پر الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ و اسلام آباد پولیس کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے لیے کہا ہے۔اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کے قریب اسلام آباد پریس کلب کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج 3 ہفتے سے زائد عرصے اور اسی پریس کلب کے سامنے دوسرے کنارے پر ایک کیمپ جمال رئیسانی کی قیادت میں بلوچستان شہدا فورم کا بھی ایک ہفتے سے سے جاری ہے جب کہ بلوچستان شہدا فورم کے سربراہ جمال رئیسانی پہلے ہی خطرے کی زد میں ہیں۔ایسے حالات میں بلوچستان میں پاک ایران بارڈر پر موجودہ صورتحال کے پیش نظر اطلاعات ہیں کہ ریاست مخالف عناصر، دہشت گرد تنظیمیں، بلوچستان میں سرگرم عسکریت پسند تنظیمیں اور دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں مذموم مقاصد کی خاطر ملک میں افراتفری پھیلانے کے لیے ان بلوچ کمیونٹی کے کیمپوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف ڈیوٹیوں پر تعینات اہل کار بھی دہشت گرد عناصر کا ہدف ہو سکتے ہیں۔

 

سکیورٹی اداروں نے مراسلے میں کہا ہے کہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔معلوم ہوا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت میں دونوں کیمپوں سمیت اہم شخصیات،پولیس افسران اور جوانوں سمیت اہم سرکاری تنصیبات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

 

 

پاک فوج کی ایران میں کارروائی سے لاپتا افراد کا وہاں روپوش ہونا ثابت ہوگیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاک فوج کی ایران میں کارروائی سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ماہ رنگ بلوچ کا ریاست مخالف پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، ماہ رنگ نے تسلیم کرلیا کہ ایران میں مارے گئے لوگ بلوچ لاپتا افراد تھے جن کے اہل خانہ انکی بازیابی کے لیے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ امن دشمن بھارت طویل عرصے سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کر کے اپنے مذموم عزائم کے حصول کے لیے استعمال کر رہا ہے، اسی تناظر میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون ماہ رنگ بلوچ ہے جو کہ بلوچوں کے حقوق اور مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر مخالف دھرنے میں شریک ہے۔تازہ ترین ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ ماہ رنگ بلوچ ایران میں کی گئی اسٹرائیک میں ہلاک بلوچ دہشت گردوں کے حوالے سے دھرنے سے خطاب میں اقرار کر رہی ہے کہ ایران میں جولوگ مارے گئے ان کے لواحقین اس دھرنے میں موجود ہیں۔ماہ رنگ بلوچ کا یہ بیان اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گرد ایران میں روپوش ہیں جہاں سے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے ہیں،کچھ عرصے قبل ہلاک کیے جانے والے دہشت گرد بالاچ اور اس جیسے بہت سے دہشت گردوں کی نمائندگی کرنے والی ماہ رنگ بلوچ بالاخر سچ زبان پر لے ہی آئیں۔ریاست کا روز اول سے یہی موقف ہے کہ یہ دہشت گرد عناصر گھروں سے بھاگ کر بیرون ممالک بالخصوص ایران اور افغانستان میں روپوش ہیں ایسے میں پاکستان دشمن دہشت گردوں کے لیے ”بلوچ یکجہتی کمیٹی“ کا احتجاجی مظاہرہ عام فہم سے بالاتر ہے۔واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ماہ رنگ بلوچ عبدالغفار لانگو کی بیٹی ہے جو بی ایل کا سرغنہ اور ریاستی اداروں پر لاتعداد حملوں میں ملوث تھا۔ ماہ رنگ بلوچ نے نہ صرف ریاستی وظیفے پر تعلیم حاصل کی بلکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد سے اب تک وہ سرکاری تنخواہ کے ساتھ ساتھ متعدد مراعات سے بھی استفادہ حاصل کر رہی ہیں۔ماہ رنگ بلوچ ملک دْشمن عناصر کے ایماء پر جو ریاست مخالف پروپیگنڈا کر رہی ہے آج وہ بے نقاب ہوگیا جس کے بعد کئی سوالات اٹھتے ہیں کہ مسنگ پرسن کے نام پر جو پرو پیگنڈا کیا جا رہا ہے وہ تمام افراد راستہ بلوچستان بھاگ کر ایران میں روپوش ہو گئے ہیں؟ یہ تمام افراد پاکستان مخالف دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہو کر پاکستان بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے میں مصروف ہیں ایسے وقت میں ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر لوگوں کا احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے۔

 

ایران میں فوجی آپریشن سے ماہ رنگ بلوچ بینقاب ہوگئی، جان اچکزئی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایران میں فوجی آپریشن میں پاکستانی شہریوں کے مرنے سے مسنگ پرسن کا شور مچانے والی ماہ رنگ بلوچ بے نقاب ہوگئی۔نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے اسلام ا ٓباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے پوری قوم اور خاص کر اہل بلوچستان پاک فوج کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔انہوں ں ے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کے ایران میں اس آپریشن سے بھارت کی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے میر جعفر بری طرح بے نقاب ہوگئے ہیں، اسلام آباد میں بلوچ خواتین کا بھارت میں تیار ہونے والا ڈرامہ بری طرح فلاپ ہوگیا۔جان اچکزئی نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ مسنگ پرسنز کا مسلہ حل ہورہا ہے، ماہ رنگ بلوچ پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں خودبے نقاب ہوگئی، ایران میں مرنے والے دہشت گردوں کے لواحقین اسلام آباد کے کیمپ میں موجود ہیں۔جان اچکزئی نے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ اور اس کے سہولت کار بھی اپنے قومی اداروں اور فورسز کو بدنام کرنے پر پیش پیش تھے۔

 

کشیدگی کے بعد پاکستان،ایران میں مثبت پیغامات کا تبادلہ

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان اور ایران کے حکام کے درمیان مثبت پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے پاکستان اور ایران کے سفارتی حکام کے درمیان مثبت پیغامات کے تبادلے کی تصدیق کردی۔ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ رحیم حیات قریشی نے ایرانی ہم منصب سید رسول موسوی کے پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے جذبات کا جواب دیتا ہوں پیارے بھائی رسول موسوی۔ پاکستان اورایران کے کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ مثبت بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھیں گے۔سیکریٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی سمیت مشترکہ چیلنجز کے لیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔ایرانی سفارت کار سید رسول موسوی نے کہا کہ حالیہ تناؤ کا فائدہ دشمنوں اور دہشتگردوں کو ہوگا اور یہ بات دونوں ممالک کے رہنما اور حکام جانتے ہیں۔ مسلم دنیا کا آج سب سے اہم مسئلہ غزہ میں صیہونیوں کے جرائم ہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
84314