Chitral Times

Mar 15, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعلی ہاوس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم  کا باضابطہ اجراءکردیا، مہم کے تحت صوبہ بھر میں 26 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر 

شیئر کریں:

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعلی ہاوس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم  کا باضابطہ اجراءکردیا، مہم کے تحت صوبہ بھر میں 26 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر

 

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعلی ہاوس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم موسم بہار برائے سال 2025 کا باضابطہ اجراءکردیا۔ صوبائی وزیر برائے بلدیات ارشد ایوب، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ماحولیات اور جنگلات پیر مصور کے علاوہ محکمہ ماحولیات وجنگلات اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔متعلقہ حکام نے شجر کاری مہم کے بارے میں وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے تحت صوبہ بھر میں 26 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں عام پودوں کے ساتھ ساتھ پھلدار درخت بھی شامل ہیں۔

 

مزید بتایا گیا کہ مہم کے تحت سنٹرل سدرن فارسٹ ریجن میں آٹھ لاکھ 92 ہزار پودے ناردرن فارسٹ ریجن میں 10 لاکھ 57 ہزار جبکہ ملاکنڈ فارسٹ ریجن میں آٹھ لاکھ 64 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے 20 لاکھ پودے عوام میں تقسیم کئے جائیں گے جبکہ خود محکمہ جنگلات کی طرف سے ساڑھے پانچ لاکھ 60 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت خصوصی شجرکاری مہم کا بھی اجراءکردیا۔ اس خصوصی مہم کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت رواں سال 82,544 پودے لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ سال میں دو مرتبہ کل چار لاکھ 80 ہزار موسمی پودے بھی لگائے جائیں گے، یہ پودے حیات آباد ، ریگی ماڈل ٹاون ، جی ٹی روڈ ، جمرود روڈ ، رنگ روڈ ، موٹر وے اور نادرن بائی پاس پر لگائے جائیں گے۔ اسی طرح بی آر ٹی کے فلائی اوورز اور پلرز پر بھی 1300 سے زائد کلمبرز لگائے جائیں گے۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت 191202 پودے لگائے گئے ہیں۔

 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شجرکاری کاری مہم کے دوراں زیادہ سے زیادہ ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے اور پھلدار پودے لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے احاطوں میں پودے لگائے جائیں اور شجرکاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کیا جائے۔شجرکاری کو ایک قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیں اور مہم کے اہداف کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت بانی چئیرمین کے وڑن کے مطابق صوبے کو گرین خیبرپختونخوا بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کا واحد موثر طریقہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہے اس لئے عوام اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

 

chitraltimes cm kp ali amin kicked off plantation campaign

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99194