
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھ دیا
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے
پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منگل کووزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعظم محمدشہبازشریف کا ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پرپی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمان اورگورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے استقبال کیا۔
مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیر توانائی انجینئرخرم دستگیر، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کے علاوہ علاقے کے معززین اوعمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔وزیراعظم نے جن 8 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا ان میں یارک سے پہاڑ پور شاہراہ، بنوں چوک تا موٹروے شاہراہ، ڈیرہ اسماعیل خان بائی پاس، یارک تا ٹانک سمیت مختلف رابطہ سڑکیں، 220کے وی سب سٹیشن اور تیل و گیس کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔#
گورنر حاجی غلام علی کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیجانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا
گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ 46ویں ایکسپورٹ ایوارڈز تقریب میں ملکی و عالمی فورم، چیمبرز و بزنس کمیونٹی کیلئے شاندار خدمات پر گورنر حاجی غلام علی کو ایوارڈ پیش کیا گیا
پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیجانب سے ملکی و عالمی فورم و چیمبرز کی سطح پر بزنس کمیونٹی کیلئے شاندارخدمات و کاروباری بصیرت و حکمت عملی کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔ گذشتہ روز گورنر ہاوس سندھ میں منعقدہ ایف پی سی سی آئی کے زیراہتمام 46 ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی پروقار تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر بلوچستان عبدالولی خان کاکڑ اور صدر ایف پی سی سی آئی عرفان شیخ نے گورنر خیبر پختونخوا کو بزنس کمیونٹی کیلئے شاندار خدمات پر ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر تقریب میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کی کابینہ ممبران سمیت ملک بھر سے بزنس کمیونٹی کے عہدیداروں و نمائندگان نے گورنر حاجی غلام علی کو مبارکباد پیش کی اور دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی غلام علی ملکی کاروباری منظر نامے میں غیر معمولی تبدیلی لیکر آئے اور صنعت کے فروغ و ترقی کیلئے ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
اس موقع پر میڈیاسے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ بزنس کمیونٹی سے ان کانہ صرف قریبی رابطہ بلکہ ایک مضبوط رشتہ ہے۔گورنرکی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پورے ملک کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل ومشکلات کیلئے پہلے بھی کردار ادا کیا ہے اور گورنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بھی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل ومشکلات کے خاتمے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کررہاہوں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت میں بزنس کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت کی بھی خواہش ہے کہ بزنس کمیونٹی کے مشکلات کو ختم کیاجائے اور اس ضمن میں ملک بھر میں صنعت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے تاہم انہیں امید ہے کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف اور پوری کابینہ ملک کو اس بحران سے نکالنے کیلئے انتھک محنت کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سی پیک کے تحت رشکئی اکنامک زون فیزون کا افتتاح ہوچکاہے جس سے نہ صرف صوبے بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ملکی انڈسٹری کو حائل مشکلات جلد ختم ہو جائیں گی اور صوبہ سمیت ملک بھر کی انڈسٹری ترقی کیجانب گامزن ہو گی۔ انہوں نے ایف پی سی سی ائی کی جانب سے ایوارڈ دینے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری کوشش ہے کہ بزنس کمیونٹی کے مشکلات کے خاتمہ کیلئے تمام اداروں اور متعلقہ فورم کونہ صرف آگاہ کروں گا بلکہ ان مشکلات کے خاتمے کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنا کردار بھی ادا کرتارہوں گا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب صوبہ سمیت ملک بھرکی صنعتیں ترقی کرے گی۔#