
موسم سرما میں برف باری سے بند ہونے والی سڑکوں کو کھلا رکھا جائے..وزیرمواصلات
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے اپنے محکمہ کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ رواں سال موسم سرما میں برف باری کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کو بروقت کھولنے کیلئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنائیں اور جو سڑکیں محکمہ مواصلات کے تحت ہیں ہیں ان کو برفباری میں کھلا رکھا جائے اور ہر قسم کی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جاسکے اور عوام کو تکلیف کا سامنہ نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برفباری والے علاقوں میں سردیوں کے موسم میں سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت جاری رکھنے اورانہیں کھلا رکھنے کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی خیبرپختونخوا ہائی ویز اتھارٹی احمد نبی سلطان، چیف انجینئر (سنٹر) محمدایوب، چیف انجینئر (نارتھ) محمد طارق اور دیگر احکام بھی موجود تھے۔ اکبر ایوب خان نے شمالی علاقہ جات اورضم شدہ اضلاع کے متعلقہ ایکسینز کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت اپنے عملہ اور مشینری کو تیار رکھیں اور برف باری کے دوران سڑکوں کو آمدورفت کے لئے کھلا رکھنا ان کی ذمہ داری ہے جب کے ان کاموں کے لیے فنڈ رکھے جائیں تاکہ بروقت اقدامات اٹھائے جاسکیں اور آمدورفت کا سلسلہ رواں دواں ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام ایکسینز اپنے اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور تحصیل میونسپل آفیسر کے ساتھ اس سلسلے میں رابطہ کریں تاکہ باہمی کاوشوں سے برف باری میں لوگوں کو پیش آنے والے مسائل کا حل نکالا جاسکے اور جو سڑکیں ضلع اور ٹی ایم اوز کے ماتحت ہیں ان کے لئے ضلعی سطح پر فنڈز فراہم کیے جائیں اور چھوٹی سڑکوں کو بھی برفباری سے صاف کیا جا سکے۔صوبائی وزیر مواصلات نے کہا کہ سڑکوں کی صفائی اور ان کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے سے عوام کو اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے باخبر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات لوگوں کو ریلیف پہنچانے اور ان کی سفری سہولیات کا خاص خیال رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں موجودہ دور میں لوگوں کا محکمہ مواصلات پر اعتماد اور یقین پروان چڑھ رہا ہے جو کہ صوبائی حکومت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔