
لوئر چترال: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے شیشکوہ، کے لئے ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز، 35 ہزار آبادی براہِ راست مستفید ہوگی
لوئر چترال: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے شیشکوہ، کے لئے ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز، 35 ہزار آبادی براہِ راست مستفید ہوگی، مقامی آبادی کی طرف سے الخدمت فاونڈیشن کی کاوشوں کو سراہا گیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال کے علاقے شیشکوہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا گیا، جس سے علاقے کی 35 ہزار سے زائد آبادی کو بروقت طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ افتتاحی تقریب شیشکوہ کے گاؤں “تار” میں منعقد ہوئی جس میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجیہ الدین دیگر مہمانان میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبد الحق، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد ، نائب امیر ضلع چترال محمد عالم خان ، سابق ناظم سہراب اور ویلچ کونسل تار کے چیئرمین قاری عبد الرحمن شامل تھے۔
اس سروس کے اجراء میں یوسی امیر جماعت اسلامی شیشکوہ کی دو ماہ کی مسلسل کوششیں شامل رہیں، جنہیں مقامی لوگوں نے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ امیر جماعت اسلامی وجیہ الدین نے اپنے خطاب میں یوسی امیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبد الحق نے ایمبولینس کی فراہمی پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مقامی چیئرمین قاری عبد الرحمن کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا وعدہ کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ایمبولینس کی مرمت اور انتظامات کی مکمل ذمہ داری لے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ایمبولینس کو ذمہ داری اور احسن انداز میں استعمال کریں۔