Chitral Times

Jan 16, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد، عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار

Posted on
شیئر کریں:

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد، عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار

راولپنڈی( چترال ٹائمزرپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فر د جرم عائد کر دی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل کورٹ روم میں سماعت کی۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول بھی فراہم کی۔نیب ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی جانب سے 108 تحائف ملے جن میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے۔ گزشتہ سال یکم اگست کو چیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیے اور پھر ڈی جی نیب نے گزشتہ سال 5 اگست کو شروع کیں۔ریفرنس کے مطابق رواں سال 14 جولائی کو توشہ خانہ کی تحقیقات تفتیش میں تبدیل ہوئیں، بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا، توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔نیب حکام نے ریفرنس میں بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کا سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایا گیا۔ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی، انہوں نے اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی۔نیب ریفرنس کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ 90 لاکھ روپے رقم کی ادائیگی کے عوض وصول کرلیا، توشہ خانہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قیمت کا اندازہ لگانے والے پرائیویٹ فرد سے انتہائی کم قیمت لگوائی گئی بعد ازاں جیولری سیٹ کی اصل قیمت لگانے کے لیے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا۔

عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار

راولپنڈی(سی ایم لنکس) رہائی کی روبکار جاری ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتاری کر لیا گیا۔جیل میں وڈیو لنک سے سماعت شروع ہوگئی اور تمام 12 مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ آر اے بازار نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے روبکار جاری کیے تھے۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے روبکار جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے، عمران خان کسی دوسرے مقدمے میں نامزد نہیں تو رہا کیا جائے۔سائفر کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے تاہم توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتاری کے باعث بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
83978