صوبائی ٹاسک فورس کا پشاورکے16فیڈرزکولوڈشیڈنگ فری کرنے کا اعلان
صوبائی ٹاسک فورس کا پشاورکے16فیڈرزکولوڈشیڈنگ فری کرنے کا اعلان
ٹارگٹ ریکوری،بجلی چوری تدارک کے اہداف والے فیڈرزZeroلوڈشیڈنگ کردیئے جائیں گے
نادہندہ صارفین سے پشاورمیں 1.5ارب کی ریکوری،،سربراہ ٹاسک فورس عابدمجیدکی زیرصدارت اجلاس
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی دارالحکومت پشاورکوبجلی لوڈشیڈنگ فری ضلع قراردینے پر صوبائی ٹاسک فورس نے بڑاقدم اٹھاتے ہوئے شہربھرکے 16فیڈرزکوZero لوڈشیڈنگ ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ آئندہ چند روزمیں پشاورسمیت دیگراضلاع میں بیشترفیڈرزجہاں نادہندہ صارفین سے ٹارگٹ ریکوری اورناجائزبجلی کے استعمال کا خاتمہ کیا گیاہے کولوڈشیڈنگ فری ڈکلیئرکردیا جائے گا۔ٹاسک فورس نے 4ماہ کے قلیل عرصہ کے دوران پشاورمیں نادہندہ صارفین سے اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی ریکوری کرلی ہے۔کمشنر پشاورڈویژن،سی سی پی اوپشاور سمیت پیسکوچیف کوپشاورمیں کامیاب آپریشن کرنے اورریکوری سمیت بجلی کے ناجائزاستعمال کے تدارک کے لئے اہداف حاصل پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی ٹاسک فورس برائے توانائی کے سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ وقبائلی امورمحمد عابد مجید نے صوبائی ٹاسک فورس کے آٹھویں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز،ریجنل پولیس سربراہان،ڈپٹی سیکرٹری توانائی وبرقیات اعجازاحمد،محکمہ انڈسٹریزکے نمائندہ افسراورچیف ایگزیکٹو پیسکوانجینئراخترحمیدسمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیسکوچیف انجینئراخترحمید نے بتایاکہ خیبرپختونخوامیں بجلی صارفین سے واجبات کی ریکوری اوربجلی کے ناجائزاستعمال کے تدارک کے لئے بنائی گئی صوبائی ٹاسک فورس 4ماہ کے قلیل عرصہ میں اب تک اربوں روپے کی ریکوری کرلی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں بجلی چوروں کونشان عبرت بناتے ہوئے مقدمات کے اندراج سمیت بھاری جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پشاورکے کل 99فیڈرز میں سے 78فیڈرزپرریکوری اوربجلی چوری کے خاتمے کے لئے مہم شروع کی گئی جس میں اب تک 1.5ارب کی ریکوری کی گئی اور5فیصدلائن لاسسز میں کمی کے ساتھ ساتھ 13فیصدریکوری کے اہداف میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پشاورکے مختلف علاقوں میں واقع16فیڈرزکولوڈشیڈنگ فری قراردیاگیاہے۔اجلاس میں کمشنرمردان کی جانب سے2ارب66کروڑ کی ریکوری کے باوجودضلع میں لوڈشیڈنگ فری کے اعلان کے بعد اب بھی17فیڈرزمیں لوڈشیڈنگ کرنے پر تشویش کا اظہارکیاگیا۔اس موقع پرپیسکوحکام کو مردان میں لوڈشیڈنگ کی وجوہات معلوم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اسی طرح ضلع خیبرکے علاقہ ملاگوری میں ٹیسکو حکام کی جانب سے کمرشل صارفین سے ریکوری کے لئے پولیس اورضلع انتظامیہ کوتعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔اجلاس کے آخرمیں ٹاسک فورس کے سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز عابد مجیدنے پیسکوحکام سمیت پولیس اورضلعی انتظامیہ کو پشاورکے 16فیڈرزکو لوڈشیڈنگ فری کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اورعوام الناس کو خبردارکیا کہ وہ بلوں کی ادائیگی جاری رکھیں اور بجلی کے ناجائزاستعال کوترک کردیں تاکہ پشاورسمیت پورے صوبے کو لوڈشیڈنگ فری کردیاجائے بصورت دیگر نقصان میں جانے والے فیڈرزکو لوڈشیڈنگ کا سامناکرناپڑے گا۔