شہزادہ مقصودالملک اور بی بی فوزیہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر منتخب
شہزادہ مقصودالملک اور بی بی فوزیہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر منتخب
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں سیاحت سے وابستہ افراد اور عوامی حلقوں نے شہزادہ مقصودالملک چیرمین (KVDA) اور سابق ایم پی اے چترال بی بی فوزیہ کو خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی ہے ،اور اسے خیبر پختونخوا خصوصا چترال میں سیاحت کی ترقی کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مختلف افراد نےاس امر کا اظہار کیا ۔کہ شہزادہ مقصودالملک کی سیاحت کی ترقی کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں ۔سیاحت کے ساتھ ان کی وابستگی نصف صدی پر محط ہے ،جس کے باعث انہیں اس شعبے کا وسیع تجربہ حاصل ہے ،اسی طرح محترمہ بی بی فوزیہ بھی سابقہ صوبائی حکومت میں پانچ سال سیاحت کے سٹینڈنگ کمیٹی میں رہ چکی ہیں ۔ اس لئے اس شعبے کو درپیش مشکلات اور ترقی کیلئے درکار اقدامات سے متعلق دونوں بخوبی آگاہ ہیں ۔ یہی وجہ ہے ،کہ صوبائی حکومت نے ان کے تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے ممبر کی حیثیت سے انہیں KPCTA بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کرنے کو ضروری سمجھا ۔ جوکہ چترال کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں سیاحتی شعبے کے افراد کو توقع ہے ۔ کہ دونوں شخصیات چترال میں سیاحت پر اپنی توجہ مبذول کریں گے ۔ اور سیاحوں و میزبانوں کی مشکلات میں کمی لانے اور سیاحت کی ترقی کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائیں گے ۔