
سولر توانائی وقت کی ضرورت، عوام کوبلاتعطل سستی بجلی فراہم ہوگی، حاجی غلام علی
سولر توانائی وقت کی ضرورت، عوام کوبلاتعطل سستی بجلی فراہم ہوگی، حاجی غلام علی
وفاق و صوبائی حکومت سولر انرجی سمیت متبادل توانائی منصوبوں کیلئے سرمایہ کاروں کو آسانیاں و تمام سہولیات فراہم کر رہی ہیں، حاجی غلام علی
گورنر کا پشاور میں دو روزہ سولر شو کا افتتاح، 80 کے قریب لگائے گئے مختلف سٹالز کامعائنہ کیا، منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ شمسی توانائی وقت کی ضرورت ہے جس سے عوام کوبلاتعطل سستی بجلی فراہم ہوگی،صوبہ میں 6 ہزار گھروں،8 ہزار سکولوں،4 ہزار مساجدکو شمسی توانائی پر منتقل کیاجاچکاہے جبکہ صوبہ میں ٹیوب ویلزاورمختلف اداروں کوبھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے، شمسی توانائی کا استعمال نہ صرف ایک سستی بجلی کاحصول ہے بلکہ یہ ایک ماحول دوست اور مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کا بھی ذریعہ ہے،وفاق و صوبائی حکومت سولر انرجی سمیت متبادل توانائی منصوبوں کیلئے سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز پشاور میں سولرانرجی ٹریڈ یونین اور پاکستان الٹرنیٹ انرجی ایسوی ایشن کے تعاون سے منعقدہ دوہ روزہ سولر شوسے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایکسپو میں چیف ایگزیکٹیو پیڈو انجینئر نعیم خان، منتظمین نبیل باری، آفتاب اشرف،حمیدمروت جی ایم بزنس ڈویلپمنٹ پاک ڈیٹا کام سمیت سولر انرجی سے وابستہ کاروباری حضرات نے شرکت کی۔ ایکسپومیں سولر انرجی کے مختلف کمپنیوں کی جانب سے80 کے قریب مختلف سٹالزلگائے گئے تھے جن میں سولربیٹریز، سولرفین، سولر انورٹرزاوردیگراشیاء رکھے گئے تھے۔ گورنرنے ایکسپومیں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور پشاور میں ایکسپو کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
ایکسپوسے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ملک کوتوانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ دوسری طرف ہمارا صنعتی شعبہ بھی اس سے شدید متاثر ہورہا ہے۔شمسی توانائی وقت کی ضرورت ہے جس سے عوام کوبلاتعطل سستی بجلی فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے متبادل ذرائع پیداوار نہ صرف قابل عمل بلکہ جدید دنیا کی ضروریات کے عین مطابق بھی ہیں۔موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کو گرین ٹیکنالوجی اور قدرتی ماحول کی ضرورت ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں اس پر بڑی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔گورنرنے کہاکہ شمسی توانائی کی طرف صوبے کے عوام کا رجحان بڑھ رہاہے جوکہ وقت کی ضرورت بھی ہے ،سولرسسٹم کے ذریعے بجلی کی پیداوار سے ملک میں صنعتوں کو فروغ ملے گا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ گورنرنے ایکپسو کے شرکاء کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ یہ نمائش پشاور سمیت صوبہ کیلئے سود مند ثابت ہوگا اور عوام کونہ صرف سولر سسٹم کی تنصیب بلکہ اس کی آفادیت سے آگاہی بھی حاصل ہوگی۔
علاوہ ازیں گورنر سے ہنگو سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی سیدجنان کی سربراہی میں 25 رکنی نمائندہ وفد نے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ وفد میں مولانامزمل الرحمن، حاجی سیدگل، حاجی گل رحمن، شاہ حسن، مولاناشمس الحق، نبی رحمان، ظاہرگل اوردیگر شامل تھے۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر گورنرنے مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء گورنرسے پشاور سے چیئرمین مولانا اجمل اور قاری محمد کی سربراہی میں نمائندہ وفد،بنوں سے عبدالحفیظ قریشی کی سربراہی میں، دیربالاسے انجینئر محمدنبی کی سربراہی میں نمائندہ وفود سمیت صوبے کے دیگرعلاقوں سے نمائندہ وفود نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔