سرکاری عازمین حج کی تربیت کا شیڈول تیار، ضلع کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا آغاز 12 فروری سے ہو گا، ترجمان وزارت مذہبی امور
سرکاری عازمین حج کی تربیت کا شیڈول تیار، ضلع کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا آغاز 12 فروری سے ہو گا، ترجمان وزارت مذہبی امور
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)سرکاری عازمین حج کی تربیت کا شیڈول تیار کر لیا گیا، ضلع کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا آغاز12 فروری سے ہو گا۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق تربیتی پروگرامز میں شرکت لازمی ہو گی۔ نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ یہ بات وزارت کے ماسٹرز ٹرینرز نے افسران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے موقع پر کہی۔تربیتی ورکشاپ میں وزارت مذہبی امور کے 90 افسران اور اہلکاروں کو نئے تربیتی نصاب پر بریفنگ دی گئی۔ وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ احمد ندیم خان، ڈی جی سیّد مشاہدحسین خالد، چیف ٹرینر ناصر عزیز خان نے تربیتی نصاب کو حتمی شکل دے دی۔ ورکشاپ میں مزید بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں 7 حاجی کیمپوں کے ذریعے حج تربیت کا آغاز 12 فروری سے ہوگا۔تربیتی پروگرام میں ’پاک حج‘ موبائل ایپ، سفر حج کی تیاری، مناسک، سفر حج کی مشکلات اور عمومی ہدایات شامل ہیں۔ چیف ٹرینر نے کہا کہ تربیت گاہوں میں وادی منیٰ کی طرز کے ماڈل خیمے تیار کیے گئے ہیں۔ ماسٹر ٹرینرز عازمینِ حج کو تھری ڈی ویڈیوز اور سوال و جواب کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے۔ 69 ہزار سرکاری عازمین حج کو دو مراحل میں تربیت دی جائے گی۔تربیت کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہو گا۔ عازمین حج اپنے قریبی مقامات پر حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کریں گے۔ عازمین حج کو موبائل میسیج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول کی اطلاع دی جائے گی۔