
ریٹرننگ افسران کا نوٹیفکیشن چند روز میں جاری ہو گا، عوام انتخابات کے سلسلے میں افواہوں پر یقین نہ کریں،چیف الیکشن کمشنر
ریٹرننگ افسران کا نوٹیفکیشن چند روز میں جاری ہو گا، عوام انتخابات کے سلسلے میں افواہوں پر یقین نہ کریں،چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے،ہم شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پر عزم ہیں،الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ آپ مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے7دسمبرکو قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر الیکشن کیشن نیعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں، پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے۔اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔چیف الیکشن کمشنرنے اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، یہ عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔الیکشن کمیشن اس وقت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔الیکشن کمیشن چند دنوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرنگ افسران اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کر نے جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا اور پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہوگی۔
پی آئی اے نجکاری کیخلاف درخواست پر فریقین کو جواب جمع کروانے کا حکم
لاہور(سی ایم لنکس) لاہور ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیخلاف درخواستوں پر فریقین کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف نبیل احمد جاوید کاہلوں کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت نجکاری کے معاملے پر پی آئی اے کی جانب سے جواب جمع کروا دیا گیا جبکہ دیگر فریقین نے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت طلب کر لی۔بعدازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو جواب جمع کروانے کی مہلت دے کر سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نگران حکومت کو روز مرہ امور چلانے کا اختیار ہے، نگران حکومت پالیسی معاملات پر فیصلے نہیں کر سکتی۔نگران حکومت نے قومی ادارے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نگران حکومت نے اقدامات بھی کر لئے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں، قومی اثاثے پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اصلاح کی جائے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روکنے کا حکم دے، لاہور ہائیکورٹ پی آئی اے کی نجکاری کے اقدامات کالعدم قرار دے۔