
روز چترال کی طرف سے میڈیکل کی اسٹودنٹ کو سکالرشپ کا چیک دیا گیا
روز چترال کی طرف سے میڈیکل کی اسٹودنٹ کو سکالرشپ کا چیک دیا گیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) آج ROSE,Chitral کے دفتر میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اوی مستوج سے تعلق رکھنے والی ایک ہونہار طالبہ مہوش آراء کو اسکالر شپ کا چیک دیا گیا ۔ مہوش اس سال چترال کے کوٹے پر خیبرکالج آف ڈینٹسٹری میں بی ۔ ڈی۔ایس میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی چترال کے نامور معالج اور District TB Control Programکے کوارڈینٹر ڈاکٹر شبیر احمد تھےجنہوں نے طالبہ کے والد کو چیک پیش کیا ۔
ڈاکٹر شبیر احمد نے اپنے خطاب میں “روز چترال” کے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ چترالی قوم کے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔۔ انہوں نے مخیر حضرات اور خواتین خصوصاً ڈاکٹر برادری پر زور دیا کہ وہ ادارے کی مالی معاونت کرکے مزید مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ چترال میں اور چترال سے باہر ڈاکٹر ز برادری میں “روز چترال” کے پروگرام کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔
“روز چترال” کے چیئرمین ہدایت اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ “روز چترال” چترالی عوام کے تعاون سے ہی ترقی کر رہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی مجبوریوں کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ادارے کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھیں تاکہ مزید نوجوانوں کو اسکالرشپس اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ چترال کی ڈاکٹرز برادری کی طرف سے “روز چترال” کو وہ سپورٹ نہیں مل رہی ہے جس کی ان سے توقع ہے کیونکہ ڈاکٹرز کسی بھی معاشرے کا ایک اہم صاحب حیثیت حصہ ہے اس لئے ان سے گلہ بھی زیادہ ہوتا ہے انہوں نے امید ظاہر کی ڈاکٹر شبیر صاحب اس سلسلے میں اپنا کردار ضرور اادا کرینگے۔