
حکومت نے تمام سرکاری ہسپتالوںکے ملازمین کی ہڑتالوں اوراحتجاجی سرگرمیوںپر پابندی لگادی
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخواہ حکومت نے ضروری خدمات کی فراہمی کے قانون West Pakistan Essential Services Maintenance Act 1958 کے تحت صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہر قسم کے ملازمین کی ہڑتالوں اور احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔
اس پابندی کا اطلاق تدریسی ہسپتالوں ، خود مختار اور نیم خود مختار طبی اداروں پر بھی ہوگا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کے دفتر سے اس حوالے سے تحریری حکمنامہ جاری۔حکم نامے کی رو سے ہسپتالوں اور طبی خدمات کی فراہمی کے دیگر اداروں کا کوئی بھی ملازم مجاز حاکم کی پیشگی اجازت کے بغیر مقررہ اوقات کار کئ دوراں اپنی ڈیوٹی کی جگہ نہیں چھوڑ سکتا اور نہ ہی طبی خدمات کی فراہمی کو معطل کر سکتا ہے۔
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ یہ پابندی اگلے تین مہینوں کے نافذ العمل رہے گی۔ اس پابندی کا فیصلہ وسیع تر عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔