حج درخواستوں کی وصولی میں 10 دسمبر تک توسیع کر دی گئی، وزیر مذہبی امور
اسلام ا ٓباد(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی میں 10 دسمبر تک توسیع کردی گئی، 3 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار دی گئی ہیں۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اسپانسرشپ اسکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب پائی ہیں، کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سمندرپار پاکستانی 10 دسمبر تک اسپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروادیں، اسپانسرشپ اسکیم میں موصول درخواستوں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ معذور افراد کے عالمی دن پر ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے ہرانے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،معذور افراد کے عالمی دن پر ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے پر عزم ہے،خصوصی افراد کے کھیل کے میدان میں سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہارکیا۔