تین روزہ چھٹی عالمی ہندکو کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس
پشاور( چترال ٹائمز رپورٹ)گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی پشاورکے زیر اہتمام تین روزہ چھٹی عالمی ہندکو کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اجلاس گزشتہ روز گندھارا ہندکو اکیڈمی کے دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے کی۔ اجلاس میں گندھارا ہندکو بورڈ کے وائس چےئرمین ڈاکٹر صلاح الدین،مجلس عاملہ کے ممبران احمد ندیم اعوان ،سکندر حیات سکندر، گندھارا ہندکو اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر اقبال کے علاوہ گندھارا ہندکو اکیڈمی کے سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چھٹی عالمی ہندکو کانفرنس کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دید ی گئیں اور سٹاف ممبران کوضروری امور تفویض کئے گئے ۔اجلاس میں کانفرنس کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیاگیا اور کہا گیا کہ یہ کانفرنس ملک میں تمام زبانوں اور ثقافتوں کی یکجہتی کے حوالے سے ایک یاد گار کانفرنس ہو گی۔ کانفرنس میں مقالہ جات کے علاوہ ہندکو لوک موسیقی اور دستاویزی فلمیں بھی پیش کی جائینگی۔