
بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں سیلابی صورت حال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور وسطی پنجاب میں آٹھ جولائی تک موسلادھار بارشوں یا ڑالہ باری کا امکان ہے۔8جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ جب کہ مری گلیات، کشمیر، گلگت، بلتستان اورخیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔مری میں موسلادھار بارش سے لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے اور آج سے طوفانی بارشوں کے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق مختلف علاقوں میں آندھی اورطوفان کیساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ہے، مون سون بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے۔سیاح ا و رمسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں۔کسان و مویشی مالکان موسمی حالات کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،متعلقہ ادارے سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نانگا پربت میں پھنسے کوہ پیما آصف بھٹی کی بازیابی کیلئے فوری ریسکیو آپریشن کی ہدایت
اسلام آباد(سی ایم لنکس) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نانگا پربت میں پھنس جانے والے کوہ پیما آصف بھٹی کی بازیابی کیلئے فوری ریسکیو آپریشن کی ہدایت کی ہے۔منگل کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہ پیما کے بیٹے واصف کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ آصف بھٹی کی بحفاظت واپسی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔وزیراعظم نے چیف سیکرٹری کوکوہ پیما کے بیٹے واصف سے رابطہ کرکے انہیں حوصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔واضح رہے کہ آصف بھٹی کے7 ہزار 500میٹر کی بلندی پر پھنس جانے کی اطلاعات ہیں۔کوہ پیما کے بیٹے واصف نے سوشل میڈیا کے ذریعے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اپنے والد کی مدد کی اپیل کی تھی۔