
ایک سو باسٹھ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا، ڈرگ پالیسی کو عوام دوست بنانے کے لئے نظر ثانی ضروری ہے، ڈاکٹر ندیم جان
ایک سو باسٹھ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا، ڈرگ پالیسی کو عوام دوست بنانے کے لئے نظر ثانی ضروری ہے، ڈاکٹر ندیم جان
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ 162 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا، ڈرگ پالیسی کو عوام دوست بنانے کے لئے نظر ثانی ضروری ہے، وفاقی کابینہ نے میڈیکل کالجز رجسٹریشن کے لئے وزٹ کا اختیار پی ایم ڈی سی کو دینے کی منظوری دیدی ہے۔ وہ بدھ کو وفاقی وزرا کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ وزارت صحت میں براڈ بیسڈ سکروٹنی کمیٹی میڈیکل کالجز کی رجسٹریشن کے حوالے سے درخواستوں کا جائز ہ لیتی ہے اس کے بعد وزٹ کرنا ہوتا ہے، معاملہ کابینہ کے پاس آیا کہ وزٹ کا اختیار کس کو ہونا چاہئے، وفاقی کابینہ نے اس امر کی منظوری دی کہ نئے رجسٹرڈ ہونے والے میڈیکل کالجز کا دورہ پی ایم ڈی سی کرے گی اور وہ اپنی رپورٹ وزارتی کمیٹی کو بھجوائے گی، اس کے بعد کمیٹی کی حتمی منظوری ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ای سی سی کا فیصلہ تھا کہ 262 ادویات کی ہارڈ شپ کے زمرے میں پرائسنگ کی جائے،اس حوالے سے بہت دباؤ تھا لیکن ادویات کی قیمتیں ابھی نہیں بڑھ رہیں، اس حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد عمل مکمل کرنا لازمی ہے، ڈرگ پالیسی کو نظر ثانی کی ضرورت ہے،یہ عوام کے لئے بلکہ مینوفیکچرنگ اور پرافٹ کے شعبے کی حامی نظر آرہی ہے۔
الیکشن کا شیڈول 2 دن میں جاری ہونے کا امکان
اسلام آباد(سی ایم لنکس)عام انتخابات کا شیڈول آئندہ 2 روز تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری کو پولنگ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اب مقررہ تاریخ کو انتخابات میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تقرریاں بھی کر دی ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنرز کی تقریوں تبادلوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔الیکشن کمشین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ کو الیکشن کمشنر سندھ تعینات کیا گیا ہے۔الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کو الیکشن کمشنر بلوچستان تعینات کیا گیا ہے۔ ان تبادلوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔مطابق ملک بھر میں 142 ڈی آراوز اور 859 آراوز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنرکی زیرصدارت اجلاس میں تعیناتی کی منظوری دی گئی۔