Chitral Times

Feb 9, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اپریل میں بجلی مزید سستی کرنے جارہے ہیں، وفاقی وزیررانا تنویر حسین

Posted on
شیئر کریں:

اپریل میں بجلی مزید سستی کرنے جارہے ہیں، وفاقی وزیررانا تنویر حسین

لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے،اپریل میں بجلی مزید سستی کرنے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کی سیاست کا محور ملک میں انتشار کو فروغ دینا ہے، عوام پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ پہچان چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مریدکے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت کا شعبہ ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے، اس سلسلہ میں بیلاروس اور چین سمیت کئی ممالک سے بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ پاکستان زراعت کی ترقی میں دنیا کے صف اول کے ممالک کا مقابلہ کرے،یہی وجہ ہے کہ حکومت شعبہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور زرعی تحقیق کیلئے پاکستان سے نوجوان چین بھیج رہی ہے تاکہ وہاں سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کی ٹریننگ حاصل کر کے پاکستان میں زراعت کو ترقی دے سکیں کیونکہ ہم آج بھی فی ایکڑ تیس من پیداوار پر کھڑے ہیں۔

 

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا کر ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں، موجودہ حکومت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں اور رواں سال اپریل میں بجلی مزید سستی کرنے جا رہے ہیں تاکہ عوام پر بجلی بلوں کا بوجھ کم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے اور اس کی قیادت کو پاکستانی عوام کے مسائل کا ادراک ہے،جب بھی مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی توملک خوشحالی کی جانب گامزن ہوتا ہے،معاشی استحکام آیا اور مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز پنجاب کے کاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں،کسان دوست پالیسی کے تحت کسان کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے،جس کے ذریعے کاشتکار پچاس ارب سے زائد کی زرعی مصنوعات خرید سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ایسی پارٹی بھی ہے جس کی سیاست کا محور ہی پاکستان کو نقصان پہنچانا اور ملک میں افراتفری پیدا کرنا ہے، عوام پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ پہچان چکے، اب وہ ان کے جھانسے میں دوبارہ نہیں آئیں گے،عوام پی ٹی آ ئی کو مسترد کر چکی اور اس کی سیاست ختم ہو گئی ہے۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آ ئی نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں زراعت کے شعبہ کو تباہ کر دیا،کسانوں کو زرعی مداخل مہنگے داموں خریدنا پڑیں جس سے ان کی فصلوں کی پیداوار میں کمی ہوئی اور انہیں اپنی فصلوں کا بہتر معاوضہ بھی نہ مل سکا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی آج بھی جیل میں بیٹھ کر پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے،اس کی بطور وزیر اعظم غلط پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کو نقصان ہوا،پاکستان کی خارجہ پالیسی کمزور اور برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہو ئے،پی ٹی آ ئی کے دور میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہوا بلکہ جن منصوبوں کا آغاز 2018 میں محمد نواز شریف کے دور میں ہوا انہیں بھی روک دیا گیا، ایسا شخص کسی بھی طرح پاکستانی عوام کو قابل قبول نہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
98465