
اپرچترال؛ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے سلسلے میں اجلاس، علماء کرام اور اسماعیلی کونسل کے عہدیداران کی شرکت ، آپس کی روا داری اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے اور سوشل میڈیا میں مذہبی گفت و شنید سے گریز کرنیکا عزم
اپرچترال؛ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے سلسلے میں اجلاس، علماء کرام اور اسماعیلی کونسل کے عہدیداران کی شرکت ، آپس کی روا داری اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے اور سوشل میڈیا میں مذہبی گفت و شنید سے گریز کرنیکا عزم
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال میں بین المذاھب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ زیر صدارت حسیب الرحمن خان خلیل ڈپٹی کمشنر اپر چترال منعقد ہوئی۔ جس میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر اپر چترال، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/تورکہو، علماء کرام اور اسماعیلی کونسل کے عہدیداران نے شرکت کی۔میٹنگ میں اپر چترال میں امن و امان کے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ اپر چترال میں دو مسلک کے لوگ عرصہ دراز سے ایک دوسرے کے روایات اور مذہبی عقائد کا احترام کرتے ہوئے زندگی گزر رہے ہیں اور یہ اپر چترال کی خوبصورتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مذید بتایا گیا کہ دونوں مسلک کے لوگوں کو اپس میں رواداری کا لحاظ رکھتے ہوئے قانوں کا احترام کرتے ہوئے زندگی گزارنا چاہئے۔
میٹنگ میں اس بات پر زور دیاگیا کہ سوشل میڈیا میں مذہبی گفت و شنید سے گریز کیا جانا چاہئے کیونکہ سوشل میڈیا میں غیر ضروری بات کو چھیڑنے سے مذہبی منافرت پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ امن کی خوبصورت بستی میں صورتحال خراب ہونے کے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
میٹنگ میں علماء کرام اور اسماعیلی کونسل کے عہدیداران نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے آرہے ہیں اور ائندہ بھی کریں گے تاہم دونوں طرف سے کسی غیر ضروری بحث و مباحثہ سے گریز کرنا ہوگا تاکہ امن برقرار رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے دونوں مسلک کے لوگوں سے خصوصی اپیل کی کہ اپس میں محبت اور بھائی چارے کی فضا پیدا کریں تاکہ اپر چترال کا خوبصورت امن برقرار رہے اور یہ امن کی بستی دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کی منزلیں طے کرسکے۔